جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں حالیہ بارشوں کے نتیجے میں ڈیمز میں پانی کی سطح میں واضح اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس سے شہر میں پانی کی دستیابی کی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔
راول ڈیم کی پانی کی سطح 1744 فٹ تک پہنچ گئی، جبکہ اس کا ڈیڈ لیول 1706 فٹ ہے۔خانپور ڈیم میں پانی کی سطح 1952 فٹ ریکارڈ کی گئی، جہاں ڈیڈ لیول 1910 فٹ ہے۔ایم ڈی واسا، عزیز اللہ خان کے مطابق بارشوں کے باعث زیر زمین پانی کی سطح میں بھی بہتری کا امکان ہے۔موجودہ ذخائر کی بنیاد پر راول ڈیم سے آئندہ چھ ماہ تک پانی فراہم کرنا ممکن ہے، جبکہ دیگر ذرائع سے تقریباً تین ماہ تک پانی کی فراہمی ممکن ہوگی۔
شہر میں یومیہ پانی کی ضرورت 70 ملین گیلن ہے، جب کہ واسا کے پاس دستیاب پانی صرف 51 ملین گیلن ہے، جس سے طلب اور رسد میں فرق اب بھی موجود ہے۔واضح رہے کہ بارشوں سے ڈیمز میں پانی کے ذخائر میں اضافہ شہریوں کے لیے عارضی ریلیف فراہم کر سکتا ہے، مگر مکمل توازن کے لیے پانی کے استعمال اور بچت کے اقدامات بھی ضروری ہیں۔