لاہور (کرائم رپورٹر) ایس پی سکیورٹی سید محمود الحسن نے لاہور ہائیکورٹ کا اچانک دورہ کرکے سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے ہائیکورٹ کے داخلی و خارجی گیٹس، خصوصاً جی پی او گیٹ پر تعینات پولیس اہلکاروں کی کارکردگی کا معائنہ کیا اور فرض شناسی کو سراہا۔ اس موقع پر ایس پی سکیورٹی نے ہدایت کی کہ عدالت میں آنے والے ہر فرد کی مؤثر اور مکمل چیکنگ ہر صورت یقینی بنائی جائے تاکہ سکیورٹی کے معیار کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سکیورٹی ڈیوٹی میں کسی بھی قسم کی غفلت یا لاپروائی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ سید محمود الحسن کا کہنا تھا کہ معزز ججز، وکلاء اور سائلین کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو لاہور ہائیکورٹ کے سکیورٹی انتظامات مزید مؤثر، منظم اور فول پروف بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات فوری طور پر یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی۔