محرم کے تیسرے روز پولیس کے سخت سکیورٹی انتظامات

صوبائی دارالحکومت میں 2900 پولیس افسر و اہلکار ڈیوٹی پر مامور رہے 
لاہور(کرائم رپورٹر) عشرہ محرم الحرام کے تیسرے روز لاہور سمیت صوبہ بھر میں پنجاب پولیس کے سخت سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے گئے۔ ترجمان نے بتایا لاہور سمیت صوبہ بھر میں 30 ہزار سے زائد افسروں و اہلکار وں نے جلوسوں اور مجالس کے سکیورٹی فرائض سر انجام دئیے۔ صوبائی دارالحکومت میں 2900 سے زائد پولیس افسر و اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی پر مامورکئے گئے۔صوبہ بھر میں 136 عزاداری جلوس اور 3659 مجالس منعقد ہوئیں۔ لاہور میں3 محرم کی مناسبت سے 15 عزاداری جلوس برآمد ہوئے اور 395 مجالس ہوئیں۔ صوبہ بھر میں سکیورٹی انتظامات میں 15 ہزار سے زائد کمیونٹی رضا کار وں نے معاونت فراہم کی۔ آئی جی پنجاب نے کہا ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش، نفرت آمیز مواد کی تشہیر اور اشتعال انگیزی پر پابندی ہے،طے شدہ روٹس اور مقامات کے علاوہ کسی بھی جگہ جلوس اور مجالس کی اجازت نہیں۔