30 ہزار اہلکار تعینات کئے گئے ، مجالس وجلوس کی مسلسل نگرانی کی گئی
لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم کی ہدایت پر عشرہ محرم الحرام کے دوسرے روز لاہور سمیت صوبہ بھر میں سخت سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے گئے، جہاں 30 ہزار سے زائد افسران و اہلکاروں نے 88 عزاداری جلوسوں اور 3683 مجالس کی سکیورٹی کے فرائض انجام دیے جبکہ لاہور میں 8 جلوس بر آمد ہوئے اور 399 مجالس منعقد ہوئیں۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق سکیورٹی انتظامات میں 16 ہزار سے زائد کمیونٹی رضاکاروں نے بھی معاونت فراہم کی۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا کہ عشرہ محرم کے دوران صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی اور حکومت پنجاب کی جانب سے نافذ دفعہ 144 پر سختی سے عملدر آمد کرایا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش، نفرت انگیز مواد کی تشہیر اور اشتعال انگیزی پر مکمل پابندی ہے جبکہ طے شدہ روٹس اور مقامات کے علاوہ کسی جلوس یا مجلس کی اجازت نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سیف سٹیز اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کے کیمروں کے ذریعے تمام سرگرمیوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے، جبکہ سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ، ٹریفک پولیس، ڈولفن سکواڈ، پیرو اور دیگر فیلڈ فارمیشنز محرم سکیورٹی پر تعینات ہیں۔ آئی جی پنجاب نے آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایت کی کہ منتظمین، کمیونٹی لیڈرز اور علماء کرام سے مسلسل رابطہ رکھا جائے، جبکہ تمام ضلعی کنٹرول رومز سنٹرل پولیس آفس کے مرکزی کنٹرول روم سے منسلک رہ کر ہمہ وقت رابطے میں کام کریں۔