چودھری نثار ن لیگ میں واپسی کی دعوت شہباز شریف

 آپ تو لگتا ہے ہمیں بھول گئے ہیں: شہباز شریف، کہ آج کل بیمار رہتا ہوں ؛چودھری نثار کا جواب 
 شہباز شریف اور چودھری نثار کی 8 برس میں دوسری ملاقات ،مشاورت کیلئے وقت مانگ لیا 
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف راولپنڈی میں اپنے دیرینہ ساتھی چودھری نثار علی خان کے گھر پہنچ گئے، ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہنے والی ملاقات میں ملک کی سیاسی اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،شہباز شریف نے چودھری نثارکو مسلم لیگ ن میں واپسی کی دعوت دے دی ، ملاقات میں چودھری نثار کے صاحبزادے تیمور علی خان بھی موجود تھے۔ دوران گفتگو وزیر اعظم شہباز شریف نے چودھری نثار کی خیریت دریافت کی اور مسکراتے ہوئے کہا کہ آپ تو لگتا ہے ہمیں بھول گئے ہیں۔جس پر سابق وزیر داخلہ نے جواب دیا کہ آج کل بیمار رہتا ہوں ، جس پر وزیر اعظم نے دعائے صحت دیتے ہوئے کہا اللہ آپ کو جلد صحت عطا فرمائے۔وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی اور دونوں رہنمائوں نے ماضی کی یادیں تازہ کیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف نے چودھری نثار علی خان کو مسلم لیگ ن میں واپسی کی دعوت دی ،چودھری نثار نے دعوت پر فوری طور پر کوئی حتمی جواب دینے سے گریز کیا اور کہا کہ وہ صحت یابی اور قریبی رفقا سے مشاورت کے بعد فیصلہ کریں گے،انہوں نے اپنی رہائش گاہ آمد پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ شہباز شریف اور چودھری نثار کی گزشتہ 8 برس میں یہ دوسری ملاقات ہوئی ہے،گزشتہ برس 7 سال بعدان کی پہلی ملاقات ہوئی تھی جب 6 ستمبر کو شہباز شریف چودھری نثار کی ہمشیرہ کے انتقال پر تعزیت کیلئے گئے تھے۔یاد رہے کہ پارٹی سیناراض چودھری نثار طویل عرصے سے سیاست سے کنارہ کش ہیں ،وہ 34 سال سے زائد عرصے تک پارٹی سے وابستہ رہنے کے بعد 2018 میں جماعت سے الگ ہوگئے تھے۔ بعد ازاں انہوں نے 2018 کے انتخابات میں راولپنڈی کی 4 قومی اور صوبائی اسمبلی کی نشستوں سے آزاد امیدوار کے طور پر حصہ لیا تھا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم اور سابق وزیر داخلہ کے درمیان ٹیلی فونک رابطے موجود ہیں۔