اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)سابق وزیر داخلہ چودھری نثار کو کو شکست دے کر رکن قومی اسمبلی بننے والے مسلم لیگ (ن) کے رہنما قمرالاسلام راجا نے نجی ٹی وی کو انٹرویو میں کہا ہے اگر چودھری نثار کے ساتھ مسلم لیگ (ن) کے معاملات ہوئے تو پارٹی کے اندراحتجاج کروں گا، ان کی مخالفت کروں گا اور پارٹی سے شکوہ کروں گا۔انہوں نے کہا کہ چودھری نثار پریس کانفرنسزمیں برملا پارٹی کے صدر اور سابق وزیر اعظم نوازشریف اور ان کی بیٹی مریم نواز کے خلاف بولے۔ چودھری نثار(ن) لیگ چھوڑنے کا اعلان کرچکے ہیں، جب2018میں مجھے گرفتار کیاگیا تومجھے کہا جاتا تھا کہ شہبازشریف کیخلاف وعدہ معاف گواہ بن جائو۔ان کا کہنا تھا کہ چودھری نثارسیاست میں 2 اصولوں کا دعویٰ کرتے ہیں لیکن عمل اس کے برعکس ہوتا ہے۔ چودھری نثار نے مریم نواز پراعتراض کیا تھا کہ وہ بچوں کے نیچے سیاست نہیں کرتے، میں اب سابق وزیر داخلہ کو کہتا ہوں کہ وہ اب اپنے بیٹے کو میری شاگردی میں لائیں۔