چودھری صاحب آپ تو ہمیں بھول ہی گئے،شہبازشریف،بس طبیعت ٹھیک نہیںرہتی ،چودھری نثارکاجواب
اب آپ اپنے گھر واپس آجائیں،وزیراعظم کی دوبارہ شمولیت کی دعوت پر جواب کے لیے کچھ وقت مانگ لیا
راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف مسلم لیگ( ن) کے سابق رہنما اور سابق وفاقی وزیر چودھری نثار سے ملاقات کے لیے ان کی رہائش گاہ پہنچ گئے۔وزیراعظم شہباز شریف، چودھری نثارکی رہائش گاہ پر پہنچے اور ان کی عیادت کی۔وزیراعظم شہباز شریف اور چودھری نثار کے درمیان سیاسی امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔وزیر اعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ چودھری صاحب آپ تو ہمیں بھول ہی گئے۔ اس پر چودھری نثار نے جواب دیا، نہیں میاں صاحب، بس طبیعت ٹھیک نہیں رہتی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے چودھری نثار کو مسلم لیگ( ن) میں دوبارہ شمولیت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ اب آپ اپنے گھر واپس آجائیں۔ذرائع نے بتایا ہے کہ چودھری نثار نے وزیراعظم کو جواب دینے کے لیے کچھ وقت مانگا ہے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم اور سابق وزیر داخلہ کے درمیان ٹیلی فونک رابطے موجود ہیں۔