عمران اور بشریٰ کے طبی معائنے کی درخواست انسداد دہشتگردی عدالت میں دائر
اسلام آباد،راولپنڈی (بیورو رپورٹ )اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابق ٹوئٹر) اکائونٹ پر پابندی کے خلاف دائر درخواست میں سلمان اکرم راجہ ایڈووکیٹ کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کرائے جانے پر سٹیٹ کونسل سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔ جسٹس ارباب محمد طاہر کی عدالت سے جاری سماعت کے تحریری حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ سلمان اکرم راجہ ایڈووکیٹ نے مئوقف اختیار کیا کہ انہیں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی،حکمنامہ میں واضح کیا گیا کہ عدالت پہلے ہی سلمان اکرم راجہ ایڈووکیٹ کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرانے کا حکم دے چکی ہے تاہم عدالتی حکم پر عملدرآمد نہ ہونے پر وضاحت طلب کی جا رہی ہے، عدالت نے سٹیٹ کونسل کو ہدایت کی ہے کہ وہ آئندہ سماعت سے قبل اس حوالے سے رپورٹ جمع کرائے کہ ملاقات کیوں ممکن نہ بنائی جا سکی، کیس کی آئندہ سماعت 24 فروری کو ہو گی۔ بانی پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کے طبی معائنے کی درخواست انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی میں دائر کر دی۔انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے پراسیکیوشن کو آج کیلئے نوٹسز جاری کر دیئے۔درخواست میں مئوقف اپنایا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کے ذاتی معالجین کو جیل میں رسائی دی جائے، ڈاکٹر عاصم یوسف، ڈاکٹر خرم مرزا اور ڈاکٹر سمینہ نیازی کو بانی کے طبی معائنے کی اجازت دی جائے۔بانی پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم نے درخواست میں کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے ان کی فیملی کو تشویش ہے۔دوسری جانب لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے سابق وزیر اعظم عمران خان کو راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں زیر سماعت جی ایچ کیو حملہ کیس میں ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کرنے کے حکم کے خلاف درخواست پر سماعت فروری کے پہلے ہفتے تل ملتوی کردی ہے۔راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج امجد شاہ نے سکیورٹی وجوہات کی بنا پر اس مقدمے میں عمران خان کی پیشی ویڈیو لنک کے ذریعے کروانے کا حکم دیا تھا۔