ایس ایچ او نے عدالتی حکم نہیں مانا، ڈپٹی رجسٹرار کو میرے ساتھ بھیجیں:سلمان اکرم
شیخ وقاص کے وارنٹ گرفتاری ، عمر ایوب ، زرتاج کے پاسپورٹ بلاک کرنیکا حکم
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر کی عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات نہ کروانے پر دائر توہینِ عدالت کی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔ گزشتہ روزوکیل سلمان اکرم راجہ کی درخواست پر سماعت کے دوران سلمان اکرم راجہ نے ذاتی حیثیت میں پیش ہو کر مئوقف اختیار کیا کہ عدالتی تحریری حکم کے باوجود گزشتہ منگل کو ان کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں کروائی گئی۔سلمان اکرم راجہ نے عدالت کو بتایا کہ ایس ایچ او اعزاز نے عدالتی حکم پر عملدرآمد نہیں کیا۔ انہوں نے استدعا کی کہ عدالت ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل کو ان کے ساتھ جیل بھیجے تاکہ ملاقات ممکن ہو سکے۔جسٹس ارباب محمد طاہر نے کہا کہ نہیں، ساتھ نہیں بھیج سکتے، ہم نوٹس جاری کرتے ہیں، قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔ اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ وہ متعلقہ حکام کو دوبارہ آگاہ کردیں گے۔ بعدازاں عدالت نے سیکرٹری داخلہ، جیل سپرنٹنڈنٹ اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد کے جج طاہر عباس سپرا نے بانی پی ٹی آئی اور دیگر کے خلاف جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس کی سماعت بغیر کارروائی ملتوی کر دی۔جج طاہر عباس سپرا نے پیش ہونے والے ملزموں کی حاضری لگانے کے بعد سماعت 4 دسمبر تک ملتوی کر دی۔ انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے پی ٹی آئی رہنمائوں کے خلاف سنگجانی جلسہ کیس میں شیخ وقاص اکرم کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے عمر ایوب اور زرتاج گل کے پاسپورٹ بلاک کرنے کا حکم دے دیا۔ گزشتہ روز کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کی۔ بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت 3 دسمبر تک ملتوی کر دی۔