عمران خان سے ملاقات نہ کرانے پر سپرنٹنڈ نٹ جیل طلب

جی ایچ کیو حملہ کیس کی لیگل ٹیم تبدیل، بشریٰ بی بی ودیگر کی ضمانتوں میں توسیع
عمر ایوب،زرتاج و دیگر پر فرد جرم کی کارروائی موٓخر، عالیہ کیخلاف22 مقدمات 
اسلام آباد، لاہور، سرگودھا (خصوصی رپورٹ،کرائم رپورٹر )اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر کی عدالت نے عدالتی حکم کے باوجود بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات نہ کروانے پر توہین عدالت درخواست میں سپرنٹنڈ نٹ اڈیالہ جیل کو 12 فروری کوذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔گنڈاپور کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کے دوران موقف اختیار کیا گیا کہ عدالتی حکم کے باوجود جیل حکام نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہیں دی۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں لیگل ٹیم میں تبدیلی کر دی۔نئی لیگل ٹیم میں ایڈووکیٹ وحید انجم، عرفان نیازی، فیصل چودھری اور محمد عمران شامل ہیں۔ادھر انسداددہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا کی عدالت نے 26 نومبر احتجاج پر درج15 مختلف مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشری بی بی،عالیہ حمزہ،زرتاج گل ودیگر کی عبوری ضمانتوں میں توسیع کردی۔گذشتہ روزپی ٹی آئی رہنماوں کیجانب سے دائر مجموعی طور پر 86 عبوری ضمانتوں کی درخواستوں پر سماعت کے دوران ملزم سلمان اکرم راجہ ، شعیب شاہین ،تیمور جھگڑا ، عبدالقیوم نیازی، علی بخاری ، فلک ناز و دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔بشریٰ بی بی ، عالیہ حمزہ ،زرتاج گل کیجانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں دائر کی گئیں، بشریٰ بی بی کیجانب سے خالد یوسف ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ بشری ٰبی بی جیل میں قید ہیں عدالت پیش نہیں ہوسکتی،سپرنٹنڈ نٹ اڈیالہ جیل کو تفتیش کے مراحل میں تعاون کی ہدایت دی جائے،ایڈیشنل ڈسٹرکٹ سیشن جج عامر ضیاء￿  کی عدالت نے ڈی چوک میں احتجاج پر درج تھانہ رمنا کے مقدمہ میں بشری ٰبی بی کی عبوری ضمانت میں توسیع کردی۔عدالت نے ملزمہ بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے سماعت 17 فروری تک کیلئے ملتوی کردی۔ لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ کے خلاف مقدمات کی رپورٹ پیش کیے جانے پر درخواست نمٹا دی۔رپورٹ کے مطابق عالیہ حمزہ کے خلاف لاہور میں 3، قصور میں 7، گوجرانوالہ میں ایک، راولپنڈی میں 4، میانوالی میں 2 اور فیصل آباد میں 4 مقدمات درج ہیں جبکہ عالیہ حمزہ کے خلاف ایف آئی اے میں بھی ایک مقدمہ درج ہے۔انسداد دہشت گردی سرگودھا کی خصوصی عدالت نے سانحہ 9 مئی کے حوالے سے تھانہ موسی خیل اور کمر مشانی کے مقدمات کی سماعت 14 فروری ،جبکہ تھانہ سٹی میانوالی میں درج مقدمات کی سماعت 22 فروری تک ملتوی کردی ، گزشتہ روز پیشی کے موقع پر اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب خان ،اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی احمد خان ، ایم این اے بلال اعجاز چٹھہ ، صنم جاوید ، اور عالیہ حمزہ عدالت میں پیش نہ ہوسکے ، ملزموں کے وکلاء نے عدم حاضری پر معافی کی درخواست عدالت میں جمع کروائی جو قبول کرلی گئی۔