افسوسناک واقعے پر دلی طور پر دکھی اور شرمندہ ہیں؛ عظمی بخاری

افسوسناک واقعے پر دلی طور پر دکھی اور شرمندہ ہیں؛ عظمی بخاری

داتا دربار کے قریب ماں اور شیر خوار بچی کے جاں بحق ہونے کے افسوسناک واقعے پر صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ بخاری نے گہرے دکھ اور شرمندگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں انسانی جان کے ضیاع کی کوئی معافی نہیں۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وہ اس دلخراش واقعے پر دلی طور پر دکھی اور شرمندہ ہیں۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ انتظامیہ کی جانب سے غلطی چھپانے کے لیے ابتدائی طور پر غلط حقائق فراہم کیے گئے، جنہیں آگے شیئر کرنا پڑا۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اس سانحے میں ہونے والی غلطیوں اور کوتاہیوں کو نہ صرف نہیں چھپایا بلکہ کھلے دل سے ندامت کا اظہار کیا اور ذمہ دار افراد کی فوری گرفتاری کے احکامات دیے۔انہوں نے مزید کہا کہ میں ذاتی طور پر بھی خود کو اس واقعے پر شرمندہ محسوس کرتی ہوں اور متاثرہ خاندان سے معافی کی طلبگار ہوں۔ صوبائی وزیر اطلاعات کے مطابق وہ استعفیٰ دینے کے لیے بھی تیار تھیں، تاہم وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے واضح کیا کہ عظمیٰ بخاری کی اس معاملے میں کوئی ذاتی غلطی نہیں۔اپنے بیان کے اختتام پر عظمیٰ بخاری نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ سب کی حفاظت فرمائے اور آئندہ ایسے سانحات سے محفوظ رکھے۔