امریکا کی پاکستان کے لیے امداد کی بندش پر پاکستان کے دفتر خارجہ کا ردعمل سامنے آیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا کہ امریکی صدر کے آرڈر کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور اس معاملے پر امریکی حکام سے رابطے میں ہیں۔ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکا کے ساتھ مختلف شعبوں میں پاکستان کے تعاون کے طویل تعلقات ہیں، اور پاکستان اس تعاون کو مزید بڑھانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کے ساتھ معاشی سطح پر تعلقات میں مزید بہتری لانا پاکستان کی ترجیح ہے، تاہم امریکا اور بھارت کے تعلقات پر تبصرہ نہیں کیا جا سکتا۔ترجمان نے یہ بھی کہا کہ حالیہ دنوں میں امریکا سے آنے والے کاروباری افراد کا پاکستان آنا ایک معمول کی بات ہے اور یہ دورے دفتر خارجہ کے ذریعے نہیں ہوئے۔ اس ضمن میں مزید تفصیلات کے لیے ایس آئی ایف سی سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔پاکستان کا موقف ہے کہ امریکی امداد اور دو طرفہ تعلقات پر مسلسل بات چیت جاری ہے اور دونوں ممالک کے تعلقات بہتر بنانے کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔