افغانستان کسی کیلئے خطرہ نہیں‘اسحاق ڈار اور علماء کے بیانات کا خیرمقدم کرتے ہیں سراج الدین حقانی

اندرونِ ملک اور بیرونِ ملک لوگوں کے خدشات دور کرنا چاہتے ہیں ‘ سب کو یقین دلانا چاہتے ہیں افغان عوام کسی کیلئے خطرہ یا غلط ارادے نہیں رکھتے
جب ہمارے اپنے ملک میں بے مثال امن و امان ہے تو ہم دنیا کے ساتھ بھی بھائی چارے اور امن کا پیغام بانٹتے ہیں:وزیرداخلہ کا تقریب سے خطاب
کابل(مانیٹرنگ ڈیسک) افغانستان کے وزیرِ داخلہ خلیفہ سراج الدین حقانی نے کابل اور اسلام آباد کے درمیان کشیدگی کم کرنے کی کوششوں کے حوالے سے پاکستانی علماء￿  اور نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کے حالیہ بیانات کا خیرمقدم کیا ہے۔افغان ٹیلی ویڑن چینل طلوع نیوز کے مطابق کابل میونسپلٹی اور دیگر اداروں کی کارکردگی کے اعتراف میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سراج الدین حقانی نے کہا کہ وہ ایسے تمام بیانات کو سراہتے ہیں جو دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان مسائل کے حل میں مددگار ثابت ہوں۔ اسلامی امارات علاقائی سلامتی اور استحکام کے لیے پْرعزم ہے اور افغان عوام نہ کسی کے لیے خطرہ ہیں اور نہ ہی ایسا کوئی ارادہ رکھتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جب ہمارے اپنے ملک میں بے مثال امن و امان ہے تو ہم دنیا کے ساتھ بھی بھائی چارے اور امن کا پیغام بانٹتے ہیں، ہم اندرونِ ملک اور بیرونِ ملک لوگوں کے خدشات دور کرنا چاہتے ہیں اور سب کو یقین دلانا چاہتے ہیں کہ افغان عوام کسی کے لیے خطرہ یا غلط ارادے نہیں رکھتے۔وزیرِ داخلہ نے دیگر ممالک سے افغانستان کی تعمیرِ نو میں کردار ادا کرنے کی اپیل کی اور افغان شہریوں سے بھی اس عمل میں اسلامی امارت کا ساتھ دینے کا مطالبہ کیا۔