قومی اسمبلی کے ارکان سے سفری وائوچرز کی تفصیلات طلب

 ارکان اسمبلی کا ناپسندیدگی کا اظہار‘ معاملہ  سپیکر کے نوٹس میں لانے کا فیصلہ کر لیا
 اسلام آباد (آئی این پی )قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے ارکانِ اسمبلی سے سفری وائوچرز کی تفصیلات طلب کر لیں، ارکان اسمبلی نے ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے معاملہ  سپیکر کے نوٹس میں لانے کا فیصلہ کر لیا۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے تمام اراکینِ قومی اسمبلی سے سفری وائوچرز کے استعمال سے متعلق تفصیلات طلب کر لی ہیں، جس پر ارکانِ اسمبلی کی بڑی تعداد نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔نجی ٹی وی  کے مطابق ارکان نے اس غیر معمولی اقدام پر تحفظات ظاہر کرتے ہوئے معاملہ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے سامنے اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔  اراکینِ قومی اسمبلی کو سالانہ بنیادوں پر دو اقساط میں تقریبا بارہ سے پندرہ لاکھ روپے مالیت کے سفری وائوچرز فراہم کیے جاتے ہیں، جو وہ اپنے اور اہلِ خانہ کے فضائی سفر کے لیے استعمال کرتے ہیں۔اب قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے یکم جولائی سے اکتیس دسمبر تک جاری کیے گئے سفری وائوچرز کے استعمال کی مکمل تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔