ایران پر یورپی ممالک کے خدشات، ایرانی سفیر نے پیشکش کو غیر حقیقی قرار دے دیا

ایران پر یورپی ممالک کے خدشات، ایرانی سفیر نے پیشکش کو غیر حقیقی قرار دے دیا

نیویارک:اقوام متحدہ میں برطانیہ، جرمنی اور فرانس نے مشترکہ بیان میں ایران سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عالمی جوہری ادارے (IAEA) کو مکمل رسائی دے اور یورینیم افزودگی سے متعلق خدشات دور کرے۔

 یورپی ممالک کا کہنا ہے کہ شفافیت کے بغیر ایران کے جوہری پروگرام پر اعتماد قائم نہیں کیا جا سکتا۔

یورپی ممالک کا مطالبہ
تینوں ممالک نے ایران پر زور دیا کہ وہ امریکا کے ساتھ دوبارہ جوہری مذاکرات میں شریک ہو اور تعطل کو ختم کرنے کے لیے عملی اقدامات کرے۔ اس کے ساتھ ہی یورپی ممالک نے ایران کو پیشکش کی ہے کہ اگر وہ تین مخصوص شرائط پوری کر دے تو اس کے خلاف نئی پابندیوں میں تاخیر کی جا سکتی ہے۔

ایران کا ردعمل
اقوام متحدہ میں ایرانی سفیر امیر سعید نے یورپی ممالک کی اس پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ غیر حقیقی اور غیر منصفانہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یورپی ممالک ایسے تقاضے کر رہے ہیں جو دراصل کسی مذاکرات کے اختتام پر طے پانے چاہئیں، نہ کہ اسے شروع کرنے کی شرط بنائی جائے۔

"غیر ممکن مطالبات"
ایرانی سفیر نے مزید کہا کہ یورپی ممالک بخوبی جانتے ہیں کہ ان شرائط کو فوری طور پر پورا نہیں کیا جا سکتا، اس کے باوجود وہ غیر حقیقی دباؤ ڈال رہے ہیں۔ ان کے بقول، اس رویے سے مذاکرات کے امکانات مزید کمزور ہوتے ہیں اور اعتماد کی فضا قائم نہیں ہو سکتی۔