قذافی اسٹیڈیم زیرو ویسٹ زون قرار، پی ایس ایل میچز کے دوران صفائی کے خصوصی انتظامات

قذافی اسٹیڈیم زیرو ویسٹ زون قرار، پی ایس ایل میچز کے دوران صفائی کے خصوصی انتظامات

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے میچز کے دوران قذافی اسٹیڈیم اور اس کے گرد و نواح میں صفائی کے مثالی انتظامات کیے گئے ہیں۔

لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیو ایم سی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بابر صاحب دین کے مطابق قذافی اسٹیڈیم کو زیرو ویسٹ زون قرار دے دیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق، پی ایس ایل میچز کے موقع پر 250 سے زائد صفائی ورکرز اور 8 جدید واشر گاڑیاں صفائی آپریشن میں مصروف ہیں۔ لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان ہونے والے میچ سے قبل اسٹیڈیم اور ملحقہ علاقوں میں مکمل دھلائی اور صفائی کا کام مکمل کر لیا گیا۔سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی نے مزید بتایا کہ اسٹیڈیم میں صفائی کے اصولوں کی خلاف ورزی، جیسے ریپرز یا شاپرز پھینکنے پر 100 روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

میچ کے دوران ہر انکلوژر میں 15 صفائی ورکرز اور ایک سپروائزر موجود ہوگا تاکہ کسی بھی کوڑا کرکٹ کو فوری صاف کیا جا سکے۔ اس کے علاوہ، 2 واٹر باؤزرز مسلسل پانی کا چھڑکاؤ کرتے رہیں گے تاکہ گردوغبار کم ہو اور ماحول خوشگوار رہے۔بابر صاحب دین نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ صفائی عملے سے تعاون کریں اور ماحول کو صاف رکھنے میں اپنی ذمہ داری نبھائیں۔ انہوں نے کہا کہ "شائقینِ کرکٹ کا جوش و خروش اپنی جگہ، لیکن صفائی نصف ایمان ہے، اسے نظر انداز نہ کریں۔"