گرمی ، پانی کے بحران کا خدشہ

300ٹیویب ویل دہائیوں سے چل رہے ہیں ،پرانی مشینری والے مقررہ مقدار میں پانی نہیں دے رہے
 لاہور ( کرائم رپورٹر) شہر میں بڑھتی ہوئی گرمی کے باعث واسا کے ٹیوب ویلز نے اپنی استعداد کار سے کم پانی فراہم کرنا شروع کر دیا ۔ لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت نئے ٹیوب ویلز کی تنصیب کا عمل جاری ہے، تاہم واسا کے پرانے ٹیوب ویلز کی تبدیلی میں مبینہ کوتاہی سامنے آئی ہے۔ واسا نے پرانے ٹیوب ویلز کی تبدیلی کا عمل آ ئوٹ سورس کرنے کے بعد بند کر دیا ، جس کے باعث تین سال گزرنے کے باوجود خراب ہونے والے ٹیوب ویلز کو تبدیل نہیں کیا جا سکا۔واسا کی انرجی آڈٹ رپورٹ میں اہم انکشافات کئے گئے ہیں۔ رپورٹ میں ہر سال کم از کم 25 ٹیوب ویل تبدیل کرنے کی تجویز دی گئی تاکہ نظام میں بہتری لائی جا سکے۔ شہر میں اس وقت 596 ٹیوب ویل پانی کی سپلائی کا کام کر رہے ہیں جن میں سے 105 جاپانی ادارے جائیکا کی جانب سے نصب کئے گئے جبکہ 300 سے زائد ٹیوب ویل گزشتہ دو دہائیوں سے مسلسل چل رہے ہیں۔پرانی مشینری کی وجہ سے متعدد ٹیوب ویل مقررہ مقدار میں پانی فراہم نہیں کر پا رہے، جس کے باعث انرجی کے استعمال میں اضافہ ہو رہا ہے اور بجلی کے بلوں کی مد میں واسا پر مالی بوجھ بڑھتا جا رہا ہے۔ ان مسائل کے حل کے لئے انرجی آڈٹ رپورٹ میں تجویز دی گئی ہے کہ خصوصی فنڈز کے تحت سالانہ بنیادوں پر ٹیوب ویلز کی تبدیلی کا منصوبہ شروع کیا جائے۔ایم ڈی واسا غفران احمد کا کہنا تھا خراب ہونے والے ٹیوب ویل کی مرمت کا کام فوری طور پر کیا جاتا ہے اور ٹیوب ویلز کی بروقت مرمت کے لئے انہیں آ ئوٹ سورس کر دیا گیا ۔