غزہ جو کچھ ہو رہا ہے،تاریخ اس کی گواہ ہے:سپیکر پنجاب اسمبلی

فلسطینی طلباء کی تعلیم پاکستانی قوم کی انسانیت سے وابستگی کا مظہر ہے،ملک محمد احمد خان کاخطاب 
لاہور(سپیشل رپورٹر ) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے یونی ورسٹی آف لاہور میں فلسطینی طلباء کی گریجویشن تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر سپیکر مک محمد احمد خان نے 27 فلسطینی طلباء کو بیچلر آف ڈینٹسٹری کی ڈگری مکمل کرنے پر مبارک باد دیتے ہوئے ان کی ہمت، استقامت اور لگن کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی طلباء کی تعلیم پاکستانی قوم کی انسانیت سے وابستگی کا مظہر ہے۔پاکستان نے فلسطینی طلباء کے لیے تعلیمی دروازے کھول کر بھائی چارے کی ایک منفرد مثال قائم کی ہے۔سپیکر ملک محمد احمد خان نے وزیراعظم پاکستان کی جانب سے غزہ سے آئے طلباء کو مفت تعلیم دینے کے فیصلے کو سراہا اور کہا کہ پاکستان ہر عالمی فورم پر فلسطینی عوام کے حق میں آواز بلند کرتا رہے گا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہاکہ غزہ میں جاری ظلم و ستم پر میرے پاس الفاظ نہیں۔ جب فلسطین کی بات آتی ہے تو دنیا اندھی ہو جاتی ہے۔ غزہ کو کنکریٹ کا ڈھیر بنا دیا گیا، ہسپتال تباہ ہو چکے ہیں اور دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ جو کچھ غزہ میں ہو رہا ہے، تاریخ اس کی گواہ ہے۔تقریب میں چیئرمین اویس رؤوف، ڈپٹی چیئرمین ازیر رؤوف، سفیرِ فلسطین ڈاکٹر زْہار زاہد، وزیر صحت خواجہ عمران نذیر، وزیر اسپیشلائزڈ ہیلتھ خواجہ سلمان رفیق، ریکٹر ڈاکٹر محمد اشرف، اور الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن سمیت متعدد اہم شخصیات نے شرکت کی۔