فائرنگ : پولیس نے 3ملزم گرفتار کرلئے

 لاہور(کرائم رپورٹر) مسلم ٹاؤن کے علاقے فیض روڈ پر فائرنگ کے نتیجے میں تین شہریوں کے زخمی ہونے کے واقعے میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے لڑائی جھگڑے اور اقدام قتل کی کوشش میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے گاڑی سے اتر کر نیگو ٹین ہب کے ساتھ واقع اسٹاک روم میں نعمان جمشید اور دیگر افراد پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوئے، جبکہ ملزمان فائرنگ کے بعد موقع سے فرار ہوگئے۔ مدعی مقدمہ کے مطابق ملزمان نے رقم کی واپسی کا تقاضا کرنے پر مخالف فریق پر فائرنگ کی۔ مسلم ٹاؤن پولیس نے نعمان جمشید کی مدعیت میں اقدام قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے تینوں ملزمان کو ٹریس کرکے اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان متعدد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہیں، جنہیں مزید قانونی کارروائی کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کردیا گیا۔ ایس پی اقبال ٹاؤن سدرہ خان نے کہا کہ شہریوں کے مال و جان کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔