پاکستان کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار، افریقہ 55 رنز سے فاتح

 پہلے ٹی ٹونٹی میں195 کے ہدف کے تعاقب میںپاکستان ٹیم 139 رنز ہی بنا سکی
 بابر اعظم کا بلا آج بھی نہ چل سکا اور بغیر کھاتہ کھولے آوٹ، صائم نے 37 رنز بنائے
راولپنڈی(سپورٹس ڈیسک) تین ٹی 20 میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو 55 رنز سے شکست دے دی۔جنوبی افریقا کی جانب سے ملنے والے 195 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ لائن ایک بار پھر ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم صرف 139 رنز ہی بنا سکی۔پاکستان کی جانب سے صائم ایوب 37 رنز بنا کر نمایاں رہے، محمد نواز نے 36 اور صاحبزادہ فرحان نے 24 رنز کی اننگ کھیلی جبکہ بابر اعظم کا بلا آج بھی نہ چل سکا اور بغیر کھاتہ کھولے ہی پویلین لوٹ گئے۔کپتان سلمان آغا بھی غیر ذمہ دارانہ کھیلتے ہوئے صرف 2 رنز بنا ہی ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے جبکہ عثمان خان 12، حسن نواز 3 اور فہیم اشرف ایک رن بنا کر چلتے بنے، شاہین آفریدی 4 جبکہ نسیم شاہ 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔جنوبی افریقہ کی جانب سے کوربن بھوش نے 4، جارج لنڈے نے 3، لیزڈ ویلیم نے 2 اور لنگی نگڈی نے ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی، جنوبی افریقہ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 194 رنز بنائے۔جنوبی افریقہ کے ریزا ہینڈرکس نے40 گیندوں پر60 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی ،جارج لنڈسے نے 36 ،ٹونی ڈی زورزی نے 33 ،کوئنٹن ڈی کوک نے 23 رنز بنائے،ڈونوان فریرا 10، ڈیوالڈ بریوس 9،کوربن بھوش7 اور میتھیو بریزکے ایک رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے 3 اور صائم ایوب نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ شاہین آفریدی،ابرار احمد اور نسیم شاہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔لیفٹ آرم باؤلر شاہین آفریدی سب سے مہنگے باؤلر ثابت ہوئے، شاہیں آفریدی نے چاراوورز میں 45 رنز دئیے۔