سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے سرکاری گاڑیوں کے استعمال اور نگرانی کے حوالے سے اہم اجلاس کی صدارت کی۔
انہوں نے سرکاری گاڑیوں کے ذاتی استعمال اور غیر مجاز مقاصد کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت دی اور تمام گاڑیوں کا ڈیجیٹل ریکارڈ تیار کرنے کا حکم دیا تاکہ نگرانی کو مؤثر اور شفاف بنایا جا سکے۔اس اجلاس میں سندھ کابینہ کی ذیلی کمیٹی برائے کفایت شعاری بھی شامل تھی، جس میں صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ، وزیر برائے ایکسائز و ٹیکسیشن مکیش کمار چاولہ، وزیر داخلہ، قانون و پارلیمانی امور ضیاء الحسن لنجار، وزیر برائے جیل خانہ جات و ورکس اینڈ سروسز علی حسن زرداری اور دیگر محکموں کے سیکریٹریز و اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں مختلف محکموں کی جانب سے سرکاری گاڑیوں کی الاٹمنٹ، استعمال اور ضرورت سے متعلق تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزارتِ قانون، پارلیمانی امور، بلدیات، داخلہ، اطلاعات، اینٹی کرپشن، اور یونیورسٹیز و بورڈز کے لیے نئی گاڑیوں کی خریداری اور اس کے مالی اثرات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کابینہ نے کفایت شعاری کے اصولوں کو اپنی پالیسی کا بنیادی حصہ بنایا ہے اور سرکاری گاڑیوں کی خریداری، مرمت اور استعمال کے تمام مراحل میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ جن محکموں کو گاڑیوں کی ضرورت ہے، انہیں سہولت دی جائے گی اور غیر ضروری اخراجات سے بچنا ناگزیر ہے۔انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ ہر محکمے کی موجودہ گاڑیوں کی تعداد، حالت اور ضرورت کی مکمل رپورٹ پیش کریں تاکہ ضرورت کے مطابق فیصلے کیے جا سکیں۔ اس کے علاوہ، شرجیل انعام میمن نے سرکاری گاڑیوں کے ذاتی استعمال یا غیر مجاز مقاصد کے خلاف سخت کارروائی کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ تمام گاڑیوں کا ڈیجیٹل ریکارڈ تیار کیا جائے گا تاکہ نگرانی مزید موثر اور شفاف بنائی جا سکے۔