پاپوا نیوگنی کے وکٹ کیپر بلے باز کلپلنگ ڈوریگا کو ایک خاتون پر حملہ کرنے اور اس کا موبائل فون چھیننے کے جرم میں تین سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
30 سالہ ڈوریگا جرسی میں جاری آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ چیلنج لیگ میں اپنی ملک کی نمائندگی کر رہے تھے۔ وہ ڈنمارک اور کویت کے خلاف میچز کھیل چکے تھے اور مزید مقابلے بھی شیڈول تھے۔واقعہ 25 اگست کو رات تقریباً ڈھائی بجے پیش آیا، جب وہ ہوٹل واپس جا رہے تھے۔ ہیلری اسٹریٹ، سینٹ ہیلئیر میں، انہوں نے ایک خاتون کو دیکھا اور اچانک اس پر حملہ کر کے اسے زمین پر گرا دیا، پھر اس کا موبائل فون چھین لیا۔
پولیس کے پاس خاتون کے زخموں کی تفصیلات موجود نہیں ہیں، تاہم پولیس نے ڈوریگا کو اسی دن گرفتار کر لیا۔ اگلے روز، ان پر باضابطہ مقدمہ دائر کیا گیا اور 27 اگست کو جرسی مجسٹریٹس کورٹ میں انہوں نے جرم تسلیم کر لیا۔بعد ازاں 28 نومبر کو رائل کورٹ نے فیصلہ سناتے ہوئے انہیں تین سال قید کی سزا سنائی، جس کا اثر ان کے کرکٹ کیریئر پر بھی پڑنے کا امکان ہے۔