مشتبہ حملہ آورکے گھر چھاپہ، رحمان اللہ کے رشتہ داروں سے بھی تفتیش کی گئی ،رپورٹ
واشنگٹن (آئی این پی )امریکی ریاست واشنگٹن میں وائٹ ہاس کے قریب افغان شہری کی فائرنگ سے زخمی ہونے والی نیشنل گارڈ کی اہلکار دم توڑ گئی۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ نیشنل گارڈ کے دو اہلکاروں کو گزشتہ روز فائرنگ کا نشانہ بنایاگیا۔انہوں نے تصدیق کی کہ 20 سالہ سارہ بیک اسٹورم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی جبکہ 24 سالہ انڈریو وولف کی حالت تشویشناک ہے اور وہ اس وقت اپنی زندگی کی جنگ لڑ رہا ہے، ٹرمپ نے بتایا کہ فائرنگ کرنے والے شخص کی حالت بھی نازک ہے۔امریکی صدر نے کہا کہ ہمارے سکیورٹی اہلکار ملک کی خدمت کررہے ہیں لیکن غیر قانونی تارکین وطن یہاں آکر مشکلات پیدا کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ حکام سے غیر قانونی تارکین وطن سے متعلق تفصیلی بات کی ہے۔ دوسری جانب مریکی تفتیش کاروں نے وائٹ ہائو س کے قریب نیشنل گارڈز کے اہلکاروں پر فائرنگ کے بعد مشتبہ حملہ آور اور اس سے منسلک دیگر افغان شہریوں کے گھروں پر چھاپے مارے۔ ایف بی آئی نے ریاست واشنگٹن اور سان ڈیاگو میں کارروائی کے دوران متعدد گھروں کی تلاشی لی، اس حوالے سے ڈائریکٹر کاش پٹیل نے بتایا کہ وہ مشتبہ شخص کی رہائش گاہ تک بھی پہنچ چکے ہیں جہاں سے بہت سے الیکٹرانک آلات بشمول موبائل فونز، لیب ٹاپس اور آئی پیڈز کو قبضے میں لیا گیا ہے اور ان کے تجزیے کا عمل جاری ہے