سعودی حکام نے رونالڈو کو ملک میں روکنے کے لیے اقدامات تیز کر دیے

سعودی حکام نے رونالڈو کو ملک میں روکنے کے لیے اقدامات تیز کر دیے

سعودی عرب کے حکام نے پرتگالی فٹبال اسٹار کرسٹیانو رونالڈو کو ملک میں روکنے کے لیے بھرپور اقدامات شروع کر دیے ہیں۔

 فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق، سعودی کلب النصر کو خیرباد کہنے کا عندیہ دینے والے رونالڈو کی ممکنہ منتقلی پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے، اور ان کی سعودی کلب الہلال میں شمولیت پر بات چیت جاری ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ رونالڈو کو سعودی عرب میں برقرار رکھنے کا پہلا آپشن الہلال کلب میں منتقلی ہے، جس کے ذریعے وہ رواں سال منعقد ہونے والے فیفا کلب ورلڈ کپ 2025 میں بھی شرکت کر سکیں گے۔ واضح رہے کہ فیفا کلب ورلڈکپ کے لیے کھلاڑیوں کو سائن کرنے کی خصوصی ٹرانسفر ونڈو یکم سے 10 جون تک کھلے گی، جس کا مقصد دنیا کے بہترین کھلاڑیوں کو کلبز میں شامل کرنا ہے۔فیفا کے صدر گیانی انفینٹینو کی جانب سے گزشتہ ہفتے یہ بیان سامنے آیا تھا کہ رونالڈو کلب ورلڈ کپ میں ایکشن میں دکھائی دیں گے، جس کے بعد ان کی مستقبل کی کلب سرگرمیوں کے حوالے سے قیاس آرائیاں زور پکڑ گئیں۔

ادھر، سعودی پرو لیگ کے اختتام کے چند گھنٹے بعد، کرسٹیانو رونالڈو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر ایک مبہم پیغام شیئر کیا، جس میں انہوں نے لکھا:
"یہ باب ختم ہوگیا ہے! کہانی؟ ابھی تک لکھی جا رہی ہے، میں اس سفر میں سب کا مشکور ہوں۔"رونالڈو نے جنوری 2023 میں النصر کلب کے ساتھ سالانہ 164 ملین پاؤنڈ کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ اس عرصے کے دوران وہ 105 میچز میں 93 گول کر کے کلب کے لیے ایک اہم اثاثہ ثابت ہوئے۔ ان کی سب سے بڑی کامیابی 2023 میں عرب کلب چیمپئنز کپ کی جیت تھی، تاہم وہ سعودی پرو لیگ کا ٹائٹل حاصل نہ کر سکے۔یاد رہے کہ رونالڈو نے سال 2022 میں انگلش کلب مانچسٹر یونائیٹڈ کو خیرباد کہہ کر سعودی عرب کا رخ کیا تھا۔ اب ان کے مستقبل کے فیصلے پر دنیا بھر کی نظریں مرکوز ہیں، اور سعودی حکام کی کوشش ہے کہ وہ سپر اسٹار فٹبالر کو سعودی لیگ ہی میں برقرار رکھ سکیں۔