غزہ میں خوراک کی تقسیم کے موقع پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ

فائرنگ سے افراتفری پھیل گئی، تین فلسطینی زخمی، امداد کی تقسیم میں بدنظمی کی اصل وجہ کمپنی کی نااہلی ہے،حماس 
 غزہ(آئی این پی )غزہ پر اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے ، خوراک کی تقسیم کے موقع پر اسرائیلی فوج کی جانب سے انتباہی فائرنگ کی گئی ہے جس سے افراتفری پھیل گئی اور تین افراد زخمی ہوئے۔امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی حمایت یافتہ امدادی تنظیم غزہ ہیومینٹیرین فائونڈیشن کی جانب سے امدادی سامان کی تقسیم کے دوران بھگدڑ مچ گئی اور وہاں موجود فلسطینی حفاظتی باڑ سے آگے نکل گئے۔فلسطینی شہری، خواتین اور بچے بھوک سے مجبور ہو کر ان امدادی مراکز کی طرف دوڑ پڑے۔ باڑیں توڑ کر عوام نے جگہ پر دھاوا بول دیا۔اس موقع پر اسرائیلی فوجیوں نے انتباہی طور پر گولیاں چلائیں جس سے لوگ خوفزدہ ہو کر ادھر ادھر بھاگ گئے۔ رپورٹ کے مطابق اسرائیلی ٹینکوں اور گولیوں کی آواز سنی گئیںاور ہیلی کاپٹر کو بھی شعلے برساتے ہوئے دیکھا گیا ۔اسرائیلی فوجی حکام نے کہا ہے کہ وہ وارننگ شاٹس تھیں جن کا استعمال صورت حال کو کنٹرول کرنے کے لیے کیا گیا۔غزہ کے جنوبی حصے میں واقع علاقے رفح میں امدادی کیمپ ایک روز قبل ہی کھولا گیا تھا۔ حماس کے زیرانتظام غزہ میڈیا دفتر کے ڈائریکٹر اسماعیل الثوابطہ نے الزام لگایا کہ امداد کی تقسیم میں بدنظمی کی اصل وجہ اسرائیل کی زیر نگرانی کام کرنے والی کمپنی کی نااہلی ہے۔ادھر اقوام متحدہ اور دیگر امدادی اداروں نے غزہ ہیومینٹیرین فائو نڈیشن کے تحت امداد کی تقسیم کے اِس نئے طریقہ کار کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے اسرائیل کو موقع مل رہا ہے کہ وہ خوراک کو بطور ہتھیار استعمال کرے۔