اوکاڑہ(خصوصی رپورٹ) ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ محمد اکرام ملک کا پیرا فورس سٹیشن کا اچانک دورہ، ڈیوٹی سے غیر حاضری، غفلت اور ڈسپلن کی سنگین خلاف ورزی پر فوری ایکشن لیتے ہوئے انفورسمنٹ آفیسر سمیت 8 ملازمین کو موقع پر معطل کر دیا۔ ڈپٹی کمشنر نے سٹیشن کے ریکارڈ اور حاضری رجسٹر کی تفصیل سے پڑتال کی، جس کے دوران متعدد ملازمین بلااطلاع ڈیوٹی سے غیر حاضر پائے گئے۔ انہوں نے ڈسپلن کی خلاف ورزی اور ڈیوٹی میں لاپروائی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے معطل شدہ ملازمین کے خلاف باقاعدہ محکمانہ انکوائری کے احکامات جاری کر دئیے۔ ڈپٹی کمشنر محمد اکرام ملک نے اس موقع پر کہا کہ پیرا فورس عوامی خدمت کیلئے تعینات کی گئی ہے،ذمہ داریاں ایمانداری سے انجام دے ، اس سلسلہ میں غفلت، لاپروائی اور کوتاہی سے ہرگز کام نہ لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ فرائض میں غفلت برتنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔