کشمیریوں نے ن لیگ پر بھرپور اعتماد کیا: مریم اورنگزیب

 مخالفین نے انتخابات جیتنے ہیں تو انہیں نواز شریف اور مریم نواز جیسی قیادت سامنے لانا ہوگی
 دھاندلی کا شور مچانے والے خود دھاندلی کی کوشش کرتے پکڑے گئے: عوامی اجتماع سے خطاب
راولپنڈی (آئی این پی)سینئر صوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا ہے   شاندار فتح پر دل بہت خوش ہے، کشمیری عوام نے(ن)لیگ پر بھرپور اعتماد کیا۔راولپنڈی میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں شاندار فتح پر دل بہت خوش ہے اور کشمیری عوام نے نواز شریف اور مریم نواز پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ میرپور کے ہر ڈبے سے شیر نکل رہا ہے جب کہ نواز شریف کے مظفرآباد جلسے کے بعد ہی (ن) لیگ کی کامیابی واضح ہو گئی تھی۔سینئر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے اپنے دورِ حکومت میں ایٹمی دھماکے کیے، ملک کو اندھیروں سے نکالا اور ترقی کی بنیاد رکھی، جبکہ مریم نواز نے پنجاب میں سڑکوں کا جال بچھایا، اگر مخالفین نے انتخابات جیتنے ہیں تو انہیں نواز شریف اور مریم نواز جیسی قیادت سامنے لانا ہوگی۔مریم اورنگزیب نے دھاندلی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ دھاندلی کا شور مچانے والے خود دھاندلی کی کوشش کرتے پکڑے گئے اور اب الٹا انتخابات چوری ہونے کا واویلا کر رہے ہیں