عوام نے نوازشریف کی قیادت پر بھرپور اعتماد کااظہار کیا:ملک احمد خان

وزیرِ اعلیٰ  مریم نواز کی عوام دوست پالیسیوں کو عوام نے دل سے سراہا ہے:سپیکر پنجاب اسمبلی
لاہور (سپیشل رپورٹر) ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کی شاندار کامیابی پر سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے اسے عوامی اعتماد کا واضح اظہار قرار دیا ہے۔سپیکر نے کہا  عوام نے صدر مسلم لیگ (ن) میاں نواز شریف کی مدبرانہ قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے، جس کا واضح ثبوت حالیہ انتخابی فتح ہے ۔ سپیکرملک محمد احمد خان نے کہا کہ وزیرِ اعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی محنت اور مؤثر حکمتِ عملی نے ملک بھر میں کامیابیوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی شب و روز کی کاوشوں نے ملک میں ترقی اور استحکام کی راہ ہموار کی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی عوام دوست پالیسیوں کو عوام نے دل سے سراہا ہے۔ ان کی صوبے بھر میں ترقیاتی اقدامات اور فلاحی منصوبوں نے ووٹرز میں نیا اعتماد پیدا کیا ہے۔سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ ضمنی الیکشن کے نتائج مسلم لیگ (ن) کی مقبولیت کے واضح ثبوت ہیں۔