دیامر سیلاب: اینکر شبانہ لیاقت کی گاڑی ملبے سے برآمد، خاندان کی تلاش جاری

دیامر سیلاب: اینکر شبانہ لیاقت کی گاڑی ملبے سے برآمد، خاندان کی تلاش جاری

ویب ڈیسک: گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں حالیہ شدید سیلاب کے دوران لاپتہ ہونے والی نجی ٹی وی کی اینکر شبانہ لیاقت کی گاڑی شاہراہ بابوسر پر ملبے سے برآمد کر لی گئی، تاہم گاڑی میں کوئی موجود نہیں تھا اور شبانہ لیاقت سمیت ان کے شوہر اور چار بچوں کی تلاش تاحال جاری ہے۔

سرچ آپریشن جاری، ڈرونز اور فوج کی مدد لی جا رہی ہے
ترجمان حکومت گلگت بلتستان فیض اللہ فراق کے مطابق، سرچ آپریشن جاری ہے۔ ریسکیو ٹیموں کو شبانہ لیاقت کی تباہ شدہ گاڑی بابوسر کے مقام پر ملی۔انہوں نے بتایا کہ گاڑی خالی تھی، جبکہ ڈرونز، سراغ رساں کتوں، پولیس، انتظامیہ، پاک فوج اور جی بی سکاؤٹس کی مدد سے شبانہ لیاقت اور ان کے خاندان کی تلاش کی جا رہی ہے۔عینی شاہدین کے مطابق 10 سے 15 سیاح سیلابی ریلے میں بہہ گئے تھے۔

شبانہ لیاقت کا پس منظر اور لاپتہ ہونے کا واقعہ
نجی ٹی وی چینل کے مطابق، شبانہ لیاقت اسلام آباد سینٹر کی اینکر پرسن تھیں۔ وہ یکم جولائی کو اپنے شوہر لیاقت اور چار بچوں کے ہمراہ سیر کے لیے گلگت بلتستان گئیں۔
سکردو سے واپسی پر بابوسر ٹاپ کے قریب ان کے اور ان کے شوہر کے موبائل فون بند ہوگئے، جس کے بعد سے کوئی رابطہ نہیں ہو سکا۔ گزشتہ روز شبانہ لیاقت کا پرس اور شناختی کارڈ بھی ملبے سے برآمد ہوا تھا۔

ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے نمونے حاصل کیے گئے
ڈپٹی کمشنر دیامر عطا الرحمان کاکڑ نے بتایا کہ سرچ آپریشن کے دوران انسانی جسم کے کچھ اعضاء بھی ملے ہیں، جن کے ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے نمونے حاصل کیے جا رہے ہیں تاکہ شناخت کی جا سکے۔

سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے وسیع تباہی
یاد رہے کہ فیری میڈوز میں لینڈ سلائیڈنگ سے متعدد سیاح پھنس گئے تھے، جن میں سے کچھ کو ریسکیو کر لیا گیا ہے۔ریسکیو حکام کے مطابق 13 کلومیٹر کے علاقے میں 10 فٹ اونچی مٹی اور پتھروں کی تہہ موجود ہے، جس کے باعث آپریشن میں مشکلات کا سامنا ہے۔