پاکستان کرکٹ ٹیم 4 فروری سے سہ ملکی سیریز کی تیاریوں کا آغاز کرے گی، جو آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی 2025 کی تیاری کے لیے اہم موقع ہے۔
اس سہ فریقی ون ڈے سیریز میں پاکستان کے ساتھ نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں بھی حصہ لے رہی ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق، سہ ملکی سیریز میں شامل ٹیموں کا اسکواڈ رواں ہفتے میں اعلان کیا جائے گا۔سیریز کے لیے نیوزی لینڈ کی ٹیم 5 فروری کو لاہور پہنچے گی، اور جنوبی افریقا کی ٹیم 7 فروری کو لاہور آئے گی۔ سیریز کا پہلا میچ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 8 فروری کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں دوپہر 2 بجے شروع ہوگا۔ پاکستان ٹیم 9 فروری کو کراچی روانہ ہوگی، جہاں 10 فروری کو جنوبی افریقا اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرا میچ کھیلا جائے گا۔
سہ ملکی سیریز 8 سے 14 فروری تک سنگل لیگ کی بنیاد پر کھیلی جائے گی۔ ابتدائی دو میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہوں گے، جبکہ آخری لیگ میچ اور فائنل 14 فروری کو کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ اس سیریز کا مقصد چیمپئینز ٹرافی 2025 کے لیے تیاری کرنا ہے تاکہ مہمان ٹیمیں پاکستان کی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہو سکیں۔یہ سیریز پاکستان میں کرکٹ کی واپسی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی کرکٹ کی سطح کو بڑھانے کے لیے بھی ایک اہم قدم ہے۔