آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو نے ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کی جگہ لے لی
یہی تبدیلی نئی پیپلز پارٹی کے نمائندگان اور ترجمان میں بھی نظر آرہی ہے:جیل سے خط
لاہور(آئی این پی )پی ٹی آئی رہنما شاہ محمودقریشی نے انکشاف کیا ہے ایک نئی پیپلز پارٹی بننے جا رہی ہے جس کی قیادت بھٹو خاندان سے زرداری خاندان میں منتقل ہوجائے گی۔میڈیارپورٹ کے مطابق شاہ محمود قریشی نے کوٹ لکھپت جیل سے ہاتھ سے لکھے گئے خط میں کہا ہے آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری نے ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کی جگہ لے لی ہے۔پی ٹی آئی کے نائب چیئرمین کا کہنا تھا کہ یہی تبدیلی نئی پیپلز پارٹی کے نمائندگان اور ترجمان میں بھی نظر آرہی ہے، شرجیل میمن نیا چہرہ ہیں جب کہ اعتزاز احسن، رضا ربانی، فرحت اللہ بابر اور تاج حیدر جیسے چہرے اب پس پشت جا چکے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ بدلاو پارٹی کی پالیسیوں اور اقدامات میں بھی نمایاں ہے، یہ رومانس تقریبا ختم ہوچکا ہے، جئے بھٹو درحقیقت آج جئے زرداری ہے۔