انگلینڈ کی کاؤنٹی نورفوک میں ایک کار حادثے کے بعد پیش آنے والے سنگین واقعے میں پولیس نے ہینڈ گن کے ساتھ نکلنے والے شخص کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔
برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ اتوار کی شب پیش آیا، جب دو گاڑیوں کے درمیان تصادم ہوا۔ حادثے کے فوراً بعد ایک ڈرائیور اپنی گاڑی سے باہر نکلا اور اس کے ہاتھ میں ہینڈ گن تھی، جس پر موقع پر موجود افراد نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی۔ رپورٹس کے مطابق پولیس کے قریب آنے پر صورتِ حال مزید خطرناک ہو گئی، جس کے بعد پولیس نے فائرنگ کی اور مذکورہ شخص موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔
نورفوک پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی شفاف تحقیقات کے لیے معاملہ انڈیپینڈنٹ آفس فار پولیس کنڈکٹ (IOPC) کے حوالے کر دیا گیا ہے، جو برطانیہ میں پولیس کے خلاف شکایات اور فائرنگ جیسے واقعات کی آزادانہ تحقیقات کرتا ہے۔پولیس کے مطابق واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ ابتدائی طور پر کسی اور فرد کے زخمی ہونے کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔ واقعے نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے اور تفتیش مکمل ہونے تک مزید تفصیلات جاری کرنے سے گریز کیا جا رہا ہے۔