امریکا میں وزن گھٹانے والی نئی گولی کی منظوری

امریکا میں وزن گھٹانے والی نئی گولی کی منظوری

امریکا میں وزن کم کرنے والی نئی گولی کی منظوری نے فوڈ انڈسٹری میں بڑی ہلچل مچا دی ہے۔

امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (FDA) نے نووو نورڈسک کی ویگووی (Wegovy) نامی GLP-1 گولی کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد صارفین میں انجیکشن کے مقابلے میں آسان اور سستی گولیوں کے استعمال میں تیزی سے اضافہ متوقع ہے۔ماہرین کے مطابق اس منظوری سے صارفین کی خوراک کے انتخاب پر نمایاں اثر پڑے گا۔ تحقیق بتاتی ہے کہ GLP-1 گولی استعمال کرنے والے افراد نمکین اسنیکس، بیکری مصنوعات، سافٹ ڈرنکس اور شراب پر کم خرچ کرتے ہیں، جبکہ پروٹین اور فائبر سے بھرپور غذاؤں کی طرف زیادہ رغبت ظاہر کرتے ہیں۔ اس تبدیلی سے فوڈ انڈسٹری کو اپنی مصنوعات اور مارکیٹنگ کے طریقہ کار میں ایڈجسٹمنٹ کرنا پڑے گی۔برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق، ایلی للی کی ایک حریف دوا بھی آئندہ سال منظور ہونے کی توقع ہے، جس کے بعد GLP-1 گولیوں کے صارفین کی تعداد مزید بڑھ جائے گی۔ اس کے اثرات فوراً مارکیٹ پر دیکھے گئے ہیں، کیونکہ فوڈ کمپنیوں کے شیئرز میں کمی دیکھی گئی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ GLP-1 گولیوں کی مقبولیت سے صرف وزن کم کرنے کے رجحانات نہیں بدلیں گے، بلکہ خوراک کی ترجیحات، فوڈ پروڈکشن اور فروخت کی حکمت عملی میں بھی بڑی تبدیلی آئے گی۔ صارفین کی بدلتی ہوئی ترجیحات کو مدنظر رکھتے ہوئے کمپنیوں کو زیادہ صحت مند، کم کیلوری والی اور فائبر سے بھرپور مصنوعات کی طرف رجوع کرنا ہوگا۔یہ اقدام امریکہ میں وزن کم کرنے کی دواؤں اور صحت مند غذائی انتخاب کی طرف ایک اہم قدم سمجھا جا رہا ہے، جس کے اثرات عالمی فوڈ مارکیٹ پر بھی پڑ سکتے ہیں۔