شدید سردی، بارشوں اور برفباری کا الرٹ جاری کر دیا گیا

31دسمبر کے دوران ایبٹ آباد، بونیر اور بٹگرام میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی 
 برفباری کے باعث بالائی علاقوں میں آمد و رفت متاثر ہو سکتی ہے، محکمہ موسمیات 
اسلام آباد (آئی این پی) محکمہ موسمیات نے شدید سردی، بارشوں اور برفباری کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم سرداورخشک رہنے کا امکان ہے، شمالی علاقوں میں مطلع جزوی ابرآلود رہے گا، گلگت بلتستان میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور برفباری کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے، بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد رہنے کی توقع ہے۔ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے.، اس دوران چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان اور مانسہرہ میں بارش کا امکان ہے، 29 سے 31 دسمبر کے دوران ایبٹ آباد، بونیر اور بٹگرام میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔30 سے 2 جنوری کے دوران گلگت، اسکردو، دیامر، استور، غذر، ہنزہ، نگر، وادی نیلم، مظفرآباد، راولا کوٹ، باغ، کوئٹہ، زیارت، قلات، ژوب اور مستونگ میں بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق بارش اور برفباری کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، بارش اور برفباری کے باعث بالائی علاقوں میں سڑکیں بند ہونے کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ برفباری کے باعث بالائی علاقوں میں آمد و رفت متاثر ہو سکتی ہے، جبکہ بالائی خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں برفانی تودے گرنے کا خطرہ بھی موجود ہے۔