پشاور میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، 4 دہشتگرد ہلاک، اسلحہ برآمد

ہلاک دہشتگرد سید ولی سے ننگرہار افغانستان کا افغان مہاجر کارڈ بھی برآمد ہوا،سی ٹی ڈی 
پشاور(آئی این پی ) صوبائی دارلحکومت پشاور کے نواحی علاقے میرا کچوڑی قبرستان میں سی ٹی ڈی کی کارروائی کے دوران 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے ۔سی ٹی ڈی کے بیان کے مطابق پشاور کے علاقے میرا کچوڑی قبرستان میں دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جینس بیسڈ کاروائی کی گئی۔سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ فائرنگ رکنے کے بعد سرچ آپریشن کے دوران 4 دہشت گردوں کی لاشیں برآمد ہوئیں، جبکہ دیگر دہشت گرد رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر فرار ہوگئے۔ سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے3 کلاشنکوفیں، ایک پستول، ایک ہینڈ گرینیڈ، 7 میگزین اور کارتوس برآمد کیے گئے۔ ہلاک دہشتگرد سید ولی سے ننگرہار افغانستان کا افغان مہاجر کارڈ بھی برآمد ہوا۔ سی ٹی ڈی کے مطابق سید ولی افغانستان سے پاکستان داخل ہونے والے تین خودکش حملہ آوروں میں سے ایک ہوسکتا ہے۔ کارروائی کے دوران تمام سی ٹی ڈی اہلکار محفوظ رہے