لاہور‘ملتان‘جعفرآباد‘بہاولنگر‘خان پور‘کالا باغ‘گجرات،لودھراں، وہاڑی، بورے والا، رحیم یار خان ‘ راجن پور، بہاولنگر،کامونکی، چشتیاں ،احمد پور شرقیہ میں بارش
اسلام آباد،لاہور،کراچی(آئی این پی )پنجاب اور سندھ کے مختلف علاقوں میں تیز ہوائو ں اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش موسم خوشگوار، گرمی کا زور ٹوٹ گیا جبکہ آسمانی بجلی اوردرخت و بجلی کے پول گرنے کے واقعات میں ایک شخص جاںبحق اور متعددافراد زخمی ہوگئے ۔تفصیل کے مطابق لاہور میں کینال روڈ، گلبرگ، مال روڈ، جیل روڈ، فیروز پور روڈ، جوہرٹائو ن، چونگی امرسدھو، ملتان روڈ، وحدت روڈ سمیت مختلف علاقوں میں بارش ہوئی، علامہ اقبال ٹائو ن، مسلم ٹان میں بھی خوب بادل برسے۔ملتان اور گردونواح میں تیز ہوائو ں کے ساتھ بارش ہوئی، جعفرآباد میں مٹی کے طوفان کے بعد موسلا دھار بارش سے تباہی مچ گئی، درخت اور بجلی کے کھمبے گر گئے، خاتون سمیت 4 افراد زخمی ہو گئے۔بہاولنگر، خان پور اور کالاباغ میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، درجہ حرارت میں نمایاں کمی ہوگئی۔بہاولنگر کے علاقے ڈونگہ بونگہ میں شدید بارش اور تیز آندھی کے باعث ایک مکان کے کمرے کی چھت گر گئی، جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 7 افراد زخمی ہو گئے۔گجرات،لودھراں، وہاڑی، بورے والا، رحیم یار خان اور راجن پور، بہاولنگر،کامونکی، چشتیاں ،احمد پور شرقیہ شہر وگردونواح میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ اوچ شریف اور مضافات میں بارش سے کئی فیڈر ٹرپ ہونے سے بجلی غائب ہوگئی۔جہانیاں میں بارش کے دوران دیوار گرنے سے 3 افراد زخمی ہوگئے ادھر میاں چنوں میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔آسمانی بجلی گرنے کا ہولناک واقعہ نواحی علاقے 27 چک گل والا میں پیش آیا جب کہ مرنے والے کی شناخت محسن گل کے نام سے ہوئی ہے۔ادھر سندھ میں نوڈیرو، شہداد کوٹ، کندھ کوٹ اور موہنجوداڑو میں تیز ہوائوں کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی۔ سکھر اور شکارپور میں تیز بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے‘بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق جانی نقصان نقصان موسی خیل ، نصیر آباد اور جعفر آباد میں ہوا،متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ صورتحال کومانیٹر کر رہی ہے۔دوسری جانب محکمہ موسمیات کی نئی ایڈوائزری کے مطابق چاروں صوبوں کے بیشتر اضلاع میں بارش اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے بیشتر حصوں میں بارش کی پیش گوئی کی ہے جس سے گرمی کے ستائے شہریوں کو ریلیف ملنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ24گھنٹوں میں اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، مری اور گلیات میں بادل برسنے کی توقع ہے۔