بلند عمارتوں پر گرڈ شیئرنگ چارجز لگانے کی تیاری

500کے وی اے سے زائد ٹرانسفارمر والی عمارتوں کے مالکان چارجز ادا کرینگے ، بجلی چوری پر 12ماہ کا بل تجویز 
اسلام آباد ( خصوصی رپورٹ) نیپرا نے بلند عمارتوں اور صنعتی صارفین کے لیے گرڈ شیئرنگ چارجز سے متعلق نئے قواعد تجویز کرتے ہوئے مجوزہ ترامیم پر عوام سے رائے طلب کرلی۔نیپرا کی جانب سے کنزیومر سروس مینوئل میں مجوزہ ترامیم کے مطابق ایسی عمارتیں جنہیں 500کے وی اے سے زیادہ گنجائش والے مخصوص ٹرانسفارمر کی ضرورت ہوگی، ان کے مالکان گرڈ شیئرنگ چارجز ادا کرنے کے ذمہ دار ہوں گے۔مجوزہ ترامیم کے تحت صنعتی صارفین کو مجموعی طور پر 15میگاواٹ تک بجلی کے متعدد کنکشن حاصل کرنے کی اجازت دینے کی تجویز ہے جبکہ صنعتی اور اسٹیل فرنس صارفین کے لیے چارجز پر بھی نظرثانی کی جائے گی۔نیپرا نے بجلی عارضی طور پر منقطع کرنے کے قواعد مزید سخت کرنے اور بجلی چوری کے کیسز میں ڈیٹیکشن بل جاری کرنے کی مدت 12ماہ تک بڑھانے کی تجویز بھی دی ہے۔موجودہ قواعد کے تحت گرا ئونڈ پلس تین منزلہ عمارتیں کثیرالمنزلہ یا بلند عمارتوں کے زمرے میں شامل نہیں، جس کے باعث ان پر گرڈ شیئرنگ چارجز عائد نہیں ہوتے۔