لاہور(شوبز ڈیسک) پاکستان کی معروف گلوکارہ نسیم بیگم کی 55ویں برسی کل منائی جائے گی۔ نسیم بیگم 24 فروری 1936 کو امرتسر بھارت میں پیدا ہوئیں۔نسیم بیگم نے موسیقی کی باقاعدہ تربیت مشہور کلاسیکی غزل گائیکہ فریدہ خانم کی بڑی بہن مختار بیگم سے حاصل کی ۔انہوں نے اپنا پہلا فلمی نغمہ 1956 کی فلم گڈی گڈا میں موسیقار غلام احمد چشتی کی ترتیب دی گئی موسیقی پر گایا۔ 1958 میں موسیقار میاں شہریار نسیم بیگم کی آواز سے بہت متاثر ہوئے اور اپنی فلم بے گناہ میں گانے کا موقع دیا۔ نسیم بیگم نے گانا نینوں میں جل بھر آئے، گا کر راتوں رات شہرت حاصل کر لی، یہ گانا پچاس کی دہائی میں بہت مقبول رہا۔ احمد رشدی کے ساتھ دوگانے بہت مشہور ہوئے اور ان دونوں کی جوڑی بہت پسند کی جاتی رہی۔ وہ پاکستانی فلموں میں پس پردہ گلوکاری کے لیے اپنی منفرد پہچان رکھتی تھیں۔ انہوں نے بہت سے ملی نغمے بھی گائے ہیں جن میں اے راہِ حق کے شہیدوں وفا کی تصویروں، تمہیںوطن کی ہوائیں سلام کرتی ہیں بہت مقبول ہوا۔نسیم بیگم کو 1960 ، 1961، 1963 اور 1964 میں نگار ایوارڈ برائے بہترین پس پردہ گلوکارہ سے نوازا گیا۔نسیم بیگم29 ستمبر 1971 کو جہان فانی سے کوچ کر گئی تھیں۔