ہرسطح پر احتجاج ہوگا ،وکلا کے فری اینڈ فیئرالیکشن یقینی بنائیں گے :پریس کانفرنس
ترمیم سمجھ سے بالاتر،کالے کوٹ کی عزت وتکریم پامال نہیں ہونیینگے:وکلا رہنما
لاہور(خصوصی رپورٹ )سینیٹر حامد خان نے کہا ہے کہ سارے پاکستان میں وکلا کی آواز ہمارے ساتھیوں نے بلند کی ،چند دن پہلے قواعد میں ترمیم کرکے حکومتی لا آفیسرز کو اس پراسس میں شامل کرنے کی کوشش کی گئی، یہ الیکشن میں دھاندلی کا پروگرام ہے اسکی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔لاہور ہائیکورٹ میں وکلا قیادت کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے حامد خان نے کہا کہ ہم نے کسی لا آفیسر کو اجازت نہیں دینی کہ وہ کسی پریزائیڈنگ آفیسر کے سر پر بیٹھ کر دھاندلی کروائے،ہم یقینی بنائیں گے کہ جیسے ہمارے وکلا کے الیکشن فری اینڈ فیئر ہوں ،ہم ہر سطح پر مزاحمت کریں گے،جو لوگ اپنے حق میں یہ ترامیم کروا رہے ہیں ہم نے اسے کامیاب نہیں ہونے دینا۔صدر لاہور بار اور ممبر پنجاب بار کونسل رانا مبشر الرحمن نے کہا کہ ہم ایسی ترامیم کو مسترد کرتے ہیں۔چودھری اشتیاق احمد خان نے کہا کہ ہم کالے کوٹ کی عزت اور تکریم کو پامال نہیں ہونے دیں گے۔ صدر لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن آصف نسوانہ نے کہا کہ بار کونسلز کے الیکشن سے صرف تین چار روز پہلے کسی الیکشن رول میں ترمیم سمجھ نہیں آتی، سرکاری لا افسر نہیں ہونے چاہئیں۔