چائلڈ پروٹیکشن بیورونے کال پرکارروائی کی ،جسم پرتشددکینشان ،بچی ہسپتال داخل ،مقدمہ کیلئے میڈیکل رپورٹ کا انتظار
لاہور (کرائم رپورٹر)چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے لاہور کے علاقے والٹن میں کارروائی کرتے ہوئے تشدد کا شکار 12 سالہ گھریلو ملازمہ گلناز کو بازیاب کرالیا۔ یہ کارروائی چائلڈ ہیلپ لائن پر موصول ہونے والی اطلاع پر عمل میں لائی گئی، کمسن بچی گلناز کو والٹن کے علاقے میں ایک ڈاکٹر جوڑے کے گھر سے بازیاب کرایا گیا۔ دونوں پر الزام ہے کہ وہ گزشتہ دو برس سے اپنے گھر میں ملازمت کرنے والی اس بچی پر معمولی باتوں پر تشدد کرتے تھے، بیورو کے مطابق دونوں میاں بیوی لاہور کے دو بڑے سرکاری ہسپتالوں میں الگ الگ تعینات ہیں۔ بچی کے سر، بازو، پائوں اور جسم کے مختلف حصوں پر شدید تشدد کے نشانات پائے گئے ہیں، بچی کو فوری طور پر علاج معالجے کیلئے میوہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے ذرائع کے مطابق بچی کی حالت فی الحال بہتر نہیں اور وہ اپنے والدین کے بارے میں درست معلومات فراہم نہیں کر پا رہی۔ ابتدائی معلومات کے مطابق وہ مبینہ طور پر ضلع ڈیرہ غازی خان کی رہائشی ہے تاہم اس کی شناخت کی تصدیق ابھی باقی ہے۔ چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کے مطابق بچی اتوارکی رات بازیاب کروائی گئی اور پیر کے روز چائلڈ پروٹیکیشن بیورو کے سپیشل مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا، میڈیکل رپورٹ ملنے کے بعد بچی پرتشدد کرنیوالے میاں بیوی کیخلاف ایف آئی آر درج کروائی جائیگی۔