انسداد سموگ کے لئے کابینہ کمیٹی کا خصوصی اجلاس ،گھر وں میں گاڑی دھونے پر پابندی لگادی گئی
لاہور(کرائم رپورٹر)وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاسوں میں صوبہ پنجاب میں پٹرول موٹر سائیکل رکشے کی پروڈکشن پر پابندی لگانے جبکہ پٹرول سے چلنے والی موٹر سائیکل کی پروڈکشن بھی بتدریج مرحلہ وار بند کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ کی زیر صدارت انسداد سموگ کے لئے کابینہ کمیٹی کے خصوصی اجلاس میں صوبہ پنجاب میں پٹرول موٹر سائیکل رکشے کی پروڈکشن پر پابندی لگانے جبکہ پٹرول سے چلنے والی موٹر سائیکل کی پروڈکشن بھی بتدریج مرحلہ وار بند کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب میں سرکاری اداروں کے لئے صرف الیکٹرک اور ہائبرڈ گاڑیاں اور الیکٹرک موٹر سائیکل ہی خریدی جائیں گی۔ گھروں کی سطح پر پانی سے گاڑیاں دھونے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی۔ جدید دنیا کی طرح پورے پنجاب میں رنگ دار کوڑے دان لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔ پلاسٹک اور زہریلا دھواں پیدا کرنے والی اشیاء جلانے پر سخت سزادینے اورمقررہ معیار سے زیادہ دھواں دینے والی گاڑیوں کی مستقل بنیادوں پر ٹیسٹنگ کے لئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت مختلف ورکشاپس مقرر کرنے کی منظوری دی گئی۔ سینئرصوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے سموگ کے تدارک اور فضائی معیار کی بہتری کے لئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ مریم نواز نے پنجاب بھر میں بچوں سے مزدوری پرعدم برداشت کی پالیسی اختیار کرنے کی ہدایت کی،ان کا کہناتھاکہ ڈیڑھ سال میں جو حاصل کیا اگلے چار سال میں اسے مزید بہتر بنانا ہے ، پنجاب کو ٹیکنالوجی کی ترقی کی مثال بنانا ہے۔ وزیراعلیٰ کی زیرصدارت ایک اور اجلاس میں بے سہارا بیوائوں کے حقوق پر ڈاکا ڈالنے والے غاصبوں کے خلاف سخت ایکشن کا فیصلہ کیا گیا ،مریم نواز نے بے سہارا بیوائوں کے قبضہ کیس ترجیحاً حل کرنے کا فوری حکم دیا۔ انہوں نے آرڈیننس 2025 ء کے مکمل نفاذ کی ہدایت کی اورکہا کہ تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز روزانہ ڈی آرسی اجلاس کریں جسے میں خود مانیٹرنگ کروں گی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ 3ہفتے میں پنجاب بھر میں ناجائزقبضے کے خلاف 2919درخواستیں موصول ہوئیں، ڈسٹرکٹ ڈسپیوٹ ریزولیشن کمیٹیوں نے 499کیس حل کردئیے۔ مریم نواز نے سکول میل پروگرام برائے سپیشل ایجوکیشن سٹوڈنٹس اور سنٹرآف ایکسی لینس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سپیشل افراد پر توجہ نہیں دے رہے بلکہ سرمایہ کاری کررہے ہیں تاکہ وہ مفید شہری بن سکیں۔وزیراعلیٰ نے سپیشل طلبہ کیلئے ہمت کارڈ اورپنجاب بھر کے سپیشل ایجوکیشن مراکز کی تعمیر نو ،ہر ڈسٹرکٹ میں سنٹر آف ایکسی لینس فار سپیشل سٹوڈنٹس بنانے اورہر سپیشل ایجوکیشن سنٹر کیلئے ٹرانسپورٹ مہیا کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہاسپیشل بچے بہت خاص ہوتے ہیں، گھر میں رحمتیں آتی اور بلائیں ٹل جاتی ہیں۔ وزارت اعلیٰ تفریح یا پاور کا ذریعہ نہیں، بہت بڑی ذمہ داری ہے۔ حکومتی عہدہ بوجھ ہے دیکھا جائے تو اس سے بڑی کوئی ذمہ داری نہیں ہوتی۔ ایسا پنجاب چاہتی ہوں جہاں حکومت گھر کے دروازے پر دستک دیکر سپیشل بچوں کو سکول لایا جائے۔ بعدازاں مریم نواز نے شالیمار ٹائون لاہور میں مریم نواز سنٹر آف ایکسی لینس فار سپیشل ایجوکیشن سٹوڈنٹس کا دورہ کیا اورلنچ ٹائم بیل بجا کر سی ایم سکول میل پروگرام برائے سپیشل ایجوکیشن سٹوڈنٹس کا آغاز کیا،انہوں نے مریم نواز سنٹر آف ایکسی لینس فار سپیشل ایجوکیشن سٹوڈنٹس کا افتتاح بھی کیا۔ وزیراعلیٰ نے سپیشل اولمپیئن علی رضا، شاہ گلو حیات اوربلائنڈ کرکٹر شاہزیب کو کیش پرائز دئیے۔