چین میں ایک خاتون کی ہڈی سن اسکرین کے زیادہ استعمال اور سورج کی روشنی سے بچنے کی وجہ سے ٹوٹ گئی۔
چینگدؤ کے شن ڈو ٹرڈیشنل میڈیسن اسپتال میں 48 سالہ خاتون نے علاج کے لیے رجوع کیا جہاں ان کی میڈیکل رپورٹ میں وٹامن ڈی کی شدید کمی اور آسٹیوپوروسس (ہڈیوں کی کمزوری) کا انکشاف ہوا، جس کی وجہ سے ہڈیاں نازک ہو کر آسانی سے ٹوٹ گئی تھیں۔ڈاکٹر لونگ شوانگ کے مطابق خاتون نے اپنی زندگی کا زیادہ تر حصہ سورج کی روشنی سے بچانے میں گزارا، ہمیشہ پورے جسم کو ڈھانپ کر رکھا اور سن اسکرین کا ضرورت سے زیادہ استعمال کیا۔ اس عمل سے اگرچہ ان کی جلد کو نقصان سے بچایا گیا لیکن جسم کو قدرتی وٹامن ڈی بنانے کے لیے ضروری سورج کی روشنی نہیں ملی، جو ہڈیوں کی صحت اور کیلشیم کے جذب کے لیے لازمی ہے۔گوانگ ژو میڈیکل یونیورسٹی کے آرتھوپیڈک سرجن جیانگ ژاؤ بنگ نے کہا کہ پورے جسم کو دھوپ سے بچانا عام بات ہے لیکن یہ صحت کے لیے نقصان دہ ہو سکتی ہے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ انسان کی ہڈیاں ہر 10 سال بعد تجدید ہوتی ہیں مگر 30 سال کی عمر کے بعد ہڈیوں کا وزن سالانہ 0.5 سے 1 فیصد تک کم ہونا شروع ہو جاتا ہے۔ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ سن اسکرین کا استعمال جلد کے کینسر اور قبل از وقت بڑھاپے کو روکنے کے لیے ضروری ہے، لیکن اس کا ضرورت سے زیادہ استعمال اور سورج سے مکمل بچاؤ وٹامن ڈی کی کمی کا باعث بن سکتا ہے، جو مدافعتی نظام اور ہڈیوں کی مضبوطی کے لیے ناگزیر ہے۔