شکیرا دورانِ پرفارمنس اسٹیج پر گر پڑیں، فوری اٹھ کر شاندار پرفارمنس جاری رکھی

شکیرا دورانِ پرفارمنس اسٹیج پر گر پڑیں، فوری اٹھ کر شاندار پرفارمنس جاری رکھی

ویب ڈیسک: کولمبیا سے تعلق رکھنے والی عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ و گیت نگار شکیرا گزشتہ روز کینیڈا کے شہر مانٹریال میں اسٹیج پر پرفارمنس کے دوران اچانک پھسل کر گر پڑیں، تاہم انہوں نے فوری طور پر خود کو سنبھالا اور مسکراتے ہوئے اپنی پرفارمنس جاری رکھی، جس پر مداحوں نے ان کی پروفیشنل ازم اور حوصلے کو خوب سراہا۔

واقعہ 20 مئی کو اُس وقت پیش آیا جب شکیرا اپنی عالمی کنسرٹ سیریز "لاس موجیرس یا نو لوران ٹور" کے دوران مانٹریال کے بیل سینٹر میں پرفارم کر رہی تھیں۔ گانے کے دوران وہ اچانک اسٹیج پر پھسل گئیں۔ اس لمحے کی ویڈیو تیزی سے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے جہاں مداحوں نے ان کے فوری ردِعمل کو سراہا اور کہا کہ یہ ان کی پروفیشنل کمٹمنٹ کا ثبوت ہے۔مداحوں نے تالیاں بجا کر نہ صرف ان کی حوصلہ افزائی کی بلکہ سوشل میڈیا پر ان کے لیے تعریفی پیغامات کی بھرمار کر دی۔

یاد رہے کہ فروری 2025 میں شکیرا کو پیٹ کی تکلیف کے باعث پیرو کے دارالحکومت لیما میں اپنا شو ملتوی کرنا پڑا تھا۔ اُس وقت انہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر معذرت کرتے ہوئے بتایا تھا کہ انہیں ایمرجنسی میں اسپتال لے جانا پڑا اور وہ اسٹیج پر نہ آ سکنے پر دکھی ہیں۔شکیرا کی جانب سے اب تک اس حالیہ واقعے پر کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا، تاہم اُن کے مداح انہیں بہادری اور پروفیشنلزم کی علامت قرار دے رہے ہیں۔