حال ہی میں ادویات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ، انسولین اور دیگر اہم دوائیں دوگنا مہنگی.
پاکستان میں مختلف ادویات کی قیمتوں میں حیران کن اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس سے عام شہریوں کے لیے دوا خریدنا مشکل ہوگیا ہے۔ ذیابیطس کے علاج میں استعمال ہونے والی انسولین کی قیمت 2200 روپے سے بڑھ کر 4720 روپے تک جا پہنچی ہے۔ بدہضمی اور تیزابیت کی دوا کا پیک 530 سے بڑھ کر 620 روپے ہوگیا، جبکہ وٹامنز اور غذائی سپلیمنٹس کے پیک کی قیمت 480 سے 510 روپے، وٹامن بی کی کمی دور کرنے والی دوا 500 سے 600 روپے، اور تھائیرائڈ کے علاج کی دوا 85 سے بڑھ کر 290 روپے تک جا پہنچی۔ ٹائیفائیڈ کی دوا کی قیمت 805 سے بڑھ کر 930 روپے ہوگئی۔ماہرین صحت کے مطابق اس طرح کے اضافے سے مریضوں کی مالی مشکلات بڑھ رہی ہیں اور ادویات کی بروقت دستیابی متاثر ہو رہی ہے۔ عوام اور طبی حلقے حکومت سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ ادویات کی قیمتیں قابو میں آئیں اور عام شہری بنیادی علاج تک رسائی حاصل کر سکیں۔