ہر سکول کو روزانہ کم از کم 10 نئے طلبہ داخل کرنیکا ٹاسک دیا گیا
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور کے سرکاری سکول مقررہ داخلہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ سکولوں میں داخلوں کی تعداد نا صرف مقررہ ہدف سے کم ہے بلکہ رواں سال کی بیس لائن سے بھی نیچے آ گئی جس پر محکمہ سکول ایجوکیشن نے سکول سربراہان کو فوری اقدامات کی ہدایات جاری کر دیں۔ تفصیلات کے مطابق شہر کے سرکاری ہائی اور ہائر سیکنڈری سکولوں میں داخلہ مہم مطلوبہ نتائج نہ دے سکی۔ محکمہ سکول ایجوکیشن کے اعداد و شمار کے مطابق سیکنڈری ونگ کی موجودہ انرولمنٹ 3 لاکھ 90 ہزار 416 ہے جبکہ 5 مارچ 2026 کی بیس لائن 3 لاکھ 93 ہزار 495 تھی۔ اس طرح موجودہ داخلوں کی تعداد بیس لائن سے بھی کم ہو گئی۔محکمہ نے لاہور کے ہائی اور ہائر سیکنڈری سکولوں کیلئے مجموعی داخلہ ہدف 4 لاکھ 30 ہزار 467 مقرر کیا تھا تاہم موجودہ انرولمنٹ اور ہدف کے درمیان تقریباً 40 ہزار طلبہ کا فرق برقرار ہے۔داخلہ ہدف حاصل نہ ہونے پر ڈی ای او سیکنڈری لاہور نے تمام سکول سربراہان کو ہدایات جاری کرتے ہوئے داخلہ مہم کو اولین ترجیح قرار دیکر ہر سکول کو روزانہ کم از کم 10 نئے طلبہ داخل کرنے کا ٹاسک دیا ہے۔محکمہ نے ہدایت کی ہے کہ گھر گھر رابطہ مہم مزید م ئوثر بنائی جائے، مساجد، مقامی کمیونٹی اور دیگر مثبت ذرائع سے بھی والدین کو سرکاری سکولوں میں داخلوں کیلئے راغب کیا جائے۔ سکول سربراہان کو تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے مقررہ مدت میں داخلہ ہدف مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔