آزاد کشمیرالیکشن ن لیگ نے میدان مار لیا

 ن لیگ کے طارق فاروق، وقار احمد نور، راجہ محمد رزاق، رخسار احمد، اظہر صادق، عمیر نعیم، ایاز نثار، راجہ آصف،راجہ ریاست کامیاب ، پی پی کے یاسر سلطان، قاسم مجید، چودھری یاسین، ظفر اقبال جیت گئے ، نکیال میں پی پی کارکن قتل ، سابق وزیر اعظم انوا ر الحق کو شکست 
مظفرآباد (خصوصی رپورٹ )آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات کے پہلے مرحلے میں میرپور ڈویڑن کی 13 نشستوں پر ہونے والے انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) نے واضح برتری حاصل کرتے ہوئے 9 نشستیں اپنے نام کر لیں جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی صرف 4 نشستوں پر کامیاب ہو سکی۔ کئی حلقوں میں سخت اور کانٹے کا مقابلہ دیکھنے میں آیا جبکہ بعض مقامات پر ہنگامہ آرائی اور پرتشدد واقعات نے انتخابی عمل کو بھی متاثر کیا۔ نکیال میں سیاسی کارکنوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں پاکستان پیپلز پارٹی کا ایک کارکن جاں بحق ہوگیا جبکہ بھمبر میں ایک پولنگ سٹیشن پر بیلٹ باکس کو آگ لگا دی گئی۔ٓغیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق بھمبر، میرپور اور کوٹلی کے بیشتر حلقوں میں مسلم لیگ (ن) نے اپنی انتخابی برتری برقرار رکھتے ہوئے اہم نشستیں جیتیں جبکہ پیپلز پارٹی نے بھی چند روایتی حلقوں میں کامیابی حاصل کی۔ چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفی مغل نے ووٹرز کی بڑی تعداد اور مختلف سیاسی جماعتوں کی درخواست پر پولنگ کا وقت شام پانچ بجے سے بڑھا کر چھ بجے تک کر دیا ٓجس کے بعد پولنگ کا عمل اختتام پذیر ہوا۔مجموعی طور پر ٹرن آئوٹ چالیس سے پچاس فیصد رہا جبکہ بعض انتخابی حلقوں میں نوئے فیصد بھی ٹرن آئوٹ دیکھنے کو ملا۔ ٓغیر سرکاری نتائج کے مطابق بھمبر شہر سے مسلم لیگ (ن) کے طارق فاروق نے 28641 ووٹ حاصل کرکے سابق وزیراعظم انوار الحق کو شکست دی جنہیں 24987 ووٹ ملے۔ بھمبر برنالہ سے مسلم لیگ (ن) کے وقار احمد نور 31105 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ پیپلز پارٹی کے پرویز اشرف 27462 لیکر دوسرے نمبر پر رہے ،سماہنی سے مسلم لیگ (ن) کے راجہ محمد رزاق نے 26874 ووٹ حاصل کرکے پہلے نمبر پر رہے جبکہ استحکام پاکستان پارٹی کے علی شان سونی 22918 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے ،ٓمیرپور کھڑی شریف سے مسلم لیگ (ن) کے چودھری رخسار احمد 29731 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ پیپلز پارٹی کے صہیب ارشد کو 26140 ووٹ ملے۔ ڈڈیال سے مسلم لیگ (ن) کے اظہر صادق نے15427ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی جبکہ پیپلز پارٹی کے افسر شاہد صرف9832ووٹ لے سکے۔ٓپیپلز پارٹی نے میرپور شہر سے یاسر سلطان کی کامیابی کی صورت میں اہم نشست اپنے نام کی۔ انہوں نے 30214 ووٹ حاصل کیے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے چودھری سعید 27901 ووٹ لے سکے۔ چکسواری میں سابق وزیر اعظم چو دھری عبدالمجید کے فرزند اور پیپلز پارٹی کے امیدوار قاسم مجید 28763 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے عظیم بخش کو 26884 ووٹ ملے۔ٓکوٹلی شہر میں پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چودھری محمد یاسین نے 32418 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی جبکہ مسلم لیگ (ن) کے فاتح محمود 29765 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے ، کوٹلی نکیال سے مسلم لیگ (ن) کے عمیر نعیم 27995 ووٹ لے کر ا لیکشن جیتے جبکہ اسکے مد مقابل پیپلز پارٹی کے جاوید بڈھانوی کو 25603 ووٹ ملے۔ٓراج محل سے پیپلز پارٹی کے ملک ظفر اقبال نے 26547 ووٹ حاصل کرکے مسلم لیگ (ن) کے ملک نواز کو شکست دی۔ چڑہوئی سے مسلم لیگ (ن) کے راجہ ریاست علی خان آگے ہیں جبکہ چودھری یاسین دوسرے نمبر پر ہیں۔ کھوئی رٹہ میں مسلم لیگ (ن) کے ایاز نثار نے 30106 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی جبکہ پیپلز پارٹی کے ولید انقلابی 26912 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے ،سہنسہ کی نشست مسلم لیگ (ن) کے راجہ آصف جیت گئے اور پیپلز پارٹی کے امیدوار چودھری اخلاق دوسرے نمبر پر رہے۔انتخابی عمل کے دوران نکیال میں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں کے درمیان تصادم میں پیپلز پارٹی کا ایک کارکن جاں بحق ہوگیا جس کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی۔ بھمبر کے دربار بابا شادی شہید پولنگ سٹیشن پر ہنگامہ آرائی کے دوران شرپسند بیلٹ باکس چھین کر فرار ہوگئے اور بعد ازاں اسے آگ لگا دی۔ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کے مطابق جلائے گئے بیلٹ باکس میں 232 ووٹ موجود تھے۔ الیکشن کمیشن نے اس پولنگ سٹیشن پر دوبارہ پولنگ کرانے یا نہ کرانے کا فیصلہ بعد میں کرنے کا اعلان کیا ہے۔ٓدوسری جانب سماہنی میں استحکام پاکستان پارٹی کے امیدوار علی شان سونی کے حامیوں پر مبینہ طور پر بیلٹ باکس لے جانے کی کوشش کا الزام سامنے آیا جبکہ انتخابی نتائج کے بعد علی شان سونی اور ان کے صاحبزادے کو علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس نے حفاظتی تحویل میں لے لیا۔الیکشن کمیشن کے مطابق نتائج کی وصولی اور ترسیل کا عمل مرحلہ وار جاری ہے اور تمام حلقوں کے سرکاری نتائج مقررہ قانونی طریقہ کار کے مطابق جاری کیے جارہے ہیں۔چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیرغلام مصطفی مغل نے کہا کہ ہر سیاسی جماعت نے الیکشن میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا،سماہنی میں پولنگ میں مداخلت کرنے والے کو گرفتار کر لیا گیا ۔