پتنگ بازوں کی شامت ،4495 گرفتار

پتنگ بازی اور دھاتی ڈور کے خلاف صوبہ بھر میں کریک ڈاؤن رواں سال لاکھوں پتنگیں برآمد کر لی گئیں
لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان کی ہدایت پر پنجاب پولیس دھاتی ڈور اور پتنگ بازی کے خاتمے کے لیے ان ایکشن ہے، جس کے تسلسل میں پولیس کی لاہور سمیت صوبہ بھر میں اینٹی کائٹ فلائنگ ایکٹ کی خلاف ورزی پر کارروائیاں جاری ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ رواں سال لاہور سمیت صوبہ بھر میں انسداد پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر 4495 ملزمان گرفتار کر کے 4521 مقدمات درج کیے گئے۔ 4 لاکھ 81 ہزار 460 پتنگیں، 18 ہزار 453 ڈور کی چرخیاں برآمد ہوئیں اور 3985 کیسز کے چالان جمع کروائے گئے۔ لاہور میں 1272 ملزمان گرفتار، 1241 مقدمات درج، 28341 پتنگیں اور 1430 چرخیاں برآمد ہوئیں۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ پتنگ بازی ممانعت ترمیمی بل پر سختی سے عمل کرایا جائے، اور آن لائن کاروبار کرنے والوں کو بھی قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ والدین بچوں کو اس خونی کھیل سے دور رکھیں، شہری 15 پر اطلاع دیں۔