رواں سال 4758 مقدمات درج، لاکھوں پتنگیں بر آمد، آن لائن پتنگ فروشی پر بھی سخت کارروائی ہوگی ، ترجمان پنجاب پولیس
لاہور( کرائم رپورٹر ) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر صوبہ بھر میں دھاتی ڈور اور پتنگ بازی کے خلاف بھرپور کریک ڈا ئون جاری ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق اینٹی کائٹ فلائنگ ایکٹ کی خلاف ورزی پر رواں سال 4836 ملزمان کو گرفتار کر کے 4758 مقدمات درج کیے گئے۔کاروائیوں کے دوران 4 لاکھ 99 ہزار سے زائد پتنگیں اور 19 ہزار 301 ڈور کی چرخیاں بر آمد کی گئیں، جبکہ 4368 مقدمات کے چالان عدالتوں میں جمع کروائے گئے۔ صرف صوبائی دارالحکومت لاہور میں 1365 ملزمان گرفتار، 1334 مقدمات درج، 28 ہزار 928 پتنگیں اور 1510 چرخیاں بر آمد کی گئیں۔ آئی جی پنجاب نے افسران کو ہدایت کی کہ پتنگ بازی ممانعت ترمیمی بل پر سختی سے عمل در آمد کرایا جائے اور پتنگ بازوں، فروشوں اور مینوفیکچررز کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ آن لائن پتنگوں اور دھاتی ڈور کے کاروبار میں ملوث عناصر کو بھی گرفتار کیا جائے۔ڈاکٹر عثمان انور نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو اس جان لیوا کھیل سے دور رکھیں اور شہری کسی بھی مقام پر پتنگ بازی کی اطلاع فوری طور پر 15 پر دیں۔