سی ٹی او لاہور کا رکشہ چلانے والی خاتون کو خراج تحسین

ڈاکٹر اطہر نے محنتی خاتون کو قانون پسندی پر سرٹیفکیٹ اور نقد انعام دیا گیا
لاہور (کرائم رپورٹر) سی ٹی او لاہور نے رکشہ چلانے والی باہمت خاتون کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ قانون کی پاسداری کرنے والی شہری کو سرٹیفکیٹ اور حوصلہ افزائی کے لیے نقد انعام بھی دیا گیا۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق، سحر نامی باہمت خاتون کو سی ٹی او لاہور نے گزشتہ روز شہر کی سڑکوں پر رکشہ چلاتے دیکھا۔ سحر اپنے گھر والوں کی واحد کفیل ہیں اور رکشہ چلا کر محنت کی کمائی سے اپنے اہلِ خانہ کا پیٹ پال رہی ہیں۔ سی ٹی او لاہور نے سحر کے بلند حوصلے اور ہمت کو سراہا اور انہیں اپنے دفتر بلا کر سرٹیفکیٹ اور نقد انعام دیا۔ سحر گزشتہ دو سال سے لاہور کی سڑکوں پر رکشہ چلا کر اپنی روزی کما رہی ہیں۔ سی ٹی او لاہور ڈاکٹر اطہر وحید کے مطابق، ہمارے معاشرے کی تمام خواتین کے لیے سحر کا بلند حوصلہ اور ان کی ہمت مشعلِ راہ ہے۔ عورت معاشرے کا طاقتور رکن ہے، اسے کمزور سمجھنے والے آج بھی گمنامی میں جی رہے ہیں۔ ٹریفک پولیس لاہور کے ڈرائیونگ اسکولوں سے ہزاروں خواتین تربیت حاصل کر کے باعزت روزگار کما رہی ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے وڑن کے مطابق، خواتین کو بااختیار بنانے میں ٹریفک پولیس لاہور کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔