علیمہ خان نے توشہ خانہ ٹو کیس کو ناجائز قرار دے دیا

علیمہ خان نے توشہ خانہ ٹو کیس کو ناجائز قرار دے دیا

بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے توشہ خانہ ٹو کیس کے ٹرائل کو ناجائز قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کیس صرف اس لیے زیر سماعت ہے تاکہ عمران خان کو جیل سے باہر نہ آنے دیا جائے۔

 انہوں نے کہا کہ یہ کیس غیر قانونی طور پر جاری ہے اور اس کا مقصد عمران خان کو جیل میں ہی رکھنا ہے۔ علیمہ خان کے مطابق، نئے ججز کو مخصوص کیسز دیے گئے ہیں تاکہ عمران خان کے خلاف کارروائی کی جائے۔علیمہ خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ ان کے خیال میں جج بہت جلد عمران خان کو سزا دینے والے ہیں، اور اس کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ وہ انصاف دینے کی کوشش کرنے والے ججز کو سائیڈ لائن کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ججز کی تبدیلی اور نئے ججز کو کیسز تفویض کرنے کا مقصد صرف یہ ہے کہ عمران خان کے خلاف جلد فیصلہ کیا جائے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ 26ویں ترمیم کا پہلا نتیجہ ہے، جو ججز انصاف دینے کی کوشش کرتے ہیں، انہیں کنارے کیا جا رہا ہے اور اس کا اثر ملک کی عدلیہ اور نظام پر پڑ رہا ہے۔ علیمہ خان نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ حالات دن بہ دن خراب ہو رہے ہیں اور ملک میں انصاف کا نظام متاثر ہو رہا ہے۔